تیسری جنگ عظیم دروازے پرکھڑی
حیدرآباد(بیورورپورٹ )متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین اور وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ تیسری جنگ عظیم ہمارے دروازے پر کھڑی ہے۔۔۔
ہمیں اپنے اندر اتحاد پیدا کرکے اپنے پڑوسیوں اور رشتے داروں کا خیال رکھنا ہوگا، پٹرول، پانی اپنے لئے نہیں کارکنان سب کیلئے جمع کریں کبھی بھی سپاسنامہ مل سکتا ہے ۔ ایم کیوایم 48سال سے مسلسل خدا کو راضی کرنے کی کوششوں میں لگی ہوئی ہے ۔ حیدرآباد میں ایم کیوایم پاکستان کے شعبہ خدمت خلق فاؤنڈیشن میں غریبوں و مستحقین میں راشن تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ سیاست ایوان دوسروں کیلئے ضرورت ہوسکتی ہے ، لیکن ہمارا یہ مقصد نہیں ہے ، جو ملک بناسکتے ہیں وہ ملک چلابھی سکتے ہیں، انہوں نے کہاکہ آج ایم کیوایم کے جانثار لوگوں نے شہر بھر میں جاجاکر مستحق لوگوں کو امداد پہنچائی، ایم کیوایم کے بہت سارے دعویدار اس لئے ساتھ ہیں تاکہ ان کی ضرورت پوری ہو، ہم ان کے شکر گزار ہیں یہ ہمارا ساتھ دیتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ جو ووٹ ہمیں ملتے ہیں وہ کاسٹنگ ووٹ ہوتے ہیں ہمیں کئی بار امتحانات سے گزارا گیا ہے ، ہمیں اپنے اندر اتحاد پیدا کر کے دوسروں کا خیال کرنا ہوگا، ہم نے پہلے خدمت کی بنیاد رکھی، بعد میں سیاست شروع کی، نصف صدی سے عوام کی خدمت کررہے ہیں ہم پر بارہا غیر اعلانیہ پابندیاں لگا ئی گئیں لیکن ہم نے اپنے کام کو جاری رکھا ۔