مٹھی :ہندو مسلم افطار اجتماعات، ہم آہنگی اور بھائی چارے کا پیغام

مٹھی :ہندو مسلم افطار اجتماعات، ہم آہنگی اور بھائی چارے کا پیغام

کئی ہندو پورے رمضان کے روزے رکھ رہے ، مسلمانوں کیلئے افطار کا انتظام کرتے ہیں مٹھی میں ہندو اور مسلمان شہریوں کے باہمی تعلقات مثبت مثال ہیں :ہیومن رائٹس

مٹھی(دنیا مانیٹرنگ)پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر مٹھی میں ہندو اور مسلمان شہری رمضان کے دوران افطار کے اجتماعات کے ذریعے بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارے کا پیغام پھیلا رہے ہیں۔ پرتاب شیوانی، 48 سالہ ہندو سماجی کارکن، اس سال پورے رمضان میں روزے رکھ رہے ہیں اور مقامی مسلمانوں کے لیے افطار کا انتظام کر رہے ہیں تاکہ دونوں کمیونٹیز کے درمیان تعلقات مضبوط ہوں۔مٹھی میں ہندئووں کی اکثریت ہونے کے باوجود مسلمان اور ہندو شہری روزے اور افطار میں ساتھ شامل ہوتے ہیں۔ سشیل مالانی ہندو سیاستدان بھی پورے رمضان روزے رکھتے ہیں اور عید کی تقریبات میں مسلمانوں کے ساتھ شریک ہوتے ہیں۔ رمیش کمار جیسے ہندو شہری مزاروں کے قریب اپنی دکانیں افطار کے بعد کھولتے ہیں، تاکہ روزہ دار مسلمانوں کو کوئی تکلیف نہ ہو۔موہن لال ملہی مزار کے ہندو رکھوالے ہیں ، انہوں نے بتایا کہ والدین نے انہیں یہ سکھایا کہ ہر انسان کی مذہب، نسل یا رنگ سے بالاتر عزت کی جانی چاہیے ۔

میر محمد بلیدی کی عمر 51 برس ہے اور وہ پرتاب شیوانی کے ایک قریبی مسلم دوست ہیں۔ بلیدی نے بتایا یہ مشترکہ افطار اجتماعات ہمارے ہاں کی ایک ایسی شاندار روایت ہے ، جو بہت طویل عرصے سے جاری ہے ۔ یہ دونوں مذہبی برداریوں کے مابین قطعی ہم آہنگی کی ایک شاندار مثال بھی ہے ۔ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے مطابق ملک میں اقلیتوں کے حقوق خطرے میں ہیں، لیکن مٹھی میں ہندو اور مسلمان شہریوں کے باہمی تعلقات ایک مثبت مثال ہیں۔مٹھی کا یہ شہر تھرپارکر کے صحرا میں واقع ہے اور بھارتی ریاست راجستھان سے متصل ہے ۔ یہاں ہندو شہری مذہبی روایات کے ساتھ مسلمانوں کے ساتھ افطار اور عید مناتے ہیں، مزارات پر کھانا اور پھل لاتے ہیں اور روزہ دار مسلمانوں کو سہولت فراہم کرتے ہیں۔ یہ اقدامات پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی کی ایک مضبوط روایت کی عکاسی کرتے ہیں۔واضح رہے پاکستانی ہندوؤں میں سے زیادہ تر صوبہ سندھ کے دیہی علاقوں میں آباد ہیں اور مٹھی کا شہر بھی سندھ ہی میں ہے ۔ مٹھی کی آبادی تقریبا 60 ہزار ہے اور اس میں اکثریت ہندوؤں کی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں