پاک فوج آپریشن، طالبان کی مزید اہم پوسٹیں ، مراکز تباہ

پاک فوج آپریشن، طالبان کی مزید اہم پوسٹیں ، مراکز تباہ

ارندو ، کرم میں کارروائیاں ،خضدار سے اغوا تعمیراتی کمپنی کے 11ارکان بازیاب

اسلام آباد،راولپنڈی(دنیا نیوز،آئی این پی) پاک فوج کا افغان طالبان رجیم کیخلاف آپریشن غضب للحق جاری ہے ،سرحدی علاقوں میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے خلاف مؤثر جوابی کارروائیوں میں مزید اہم  ھکانوں اور پوسٹوں کو تباہ کر دیا گیا۔دوسری طرف بلوچستان پولیس نے خضدار سے گزشتہ ماہ اغوا کئے جانیوالے نجی تعمیراتی کمپنی کے 11 ارکان کو بازیاب کرا لیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پاک فوج کا افغان طالبان رجیم کیخلاف آپریشن غضب للحق جاری ہے ۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے ارندو اور کرم سیکٹر میں بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے افغان طالبان کی متعدد پوسٹیں تباہ کر دیں، کارروائیوں کے دوران بزدل افغان طالبان اپنے ٹھکانے چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہو گئے ۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افواج پاکستان کارروائیوں کے دوران انتہائی احتیاط برتتے ہوئے صرف دہشتگرد عناصر کے ٹھکانوں اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنا رہی ہیں، آپریشن کا مقصد سرحدی علاقوں میں امن و استحکام کو یقینی بنانا اور دہشتگرد عناصر کی سرگرمیوں کا مکمل خاتمہ ہے ، پاک فوج کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ دوسری طرف بلوچستان میں پولیس نے ضلع خضدار کے علاقے مولہ سے مسلح افراد کے ہاتھوں گزشتہ ماہ اغوا کئے جانیوالے نجی تعمیراتی کمپنی کے پراجیکٹ منیجر گل شیر، غلام سرور، عبدالمالک بگٹی سمیت 11 ارکان کو بازیاب کرا لیا ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق مغوی افراد ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری واٹر چینل منصوبے پر کام کر رہے تھے ،مغوی افراد میں سے 6 کا تعلق سندھ سے جبکہ باقی مقامی افراد تھے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں