پنجاب میں پیلے سٹامپ پیپر کا نظام ختم، نیا ڈیجیٹل نظام نافذ
رجسٹری، بیع نامہ سمیت تمام قانونی دستاویزات نئے سسٹم کے تحت جاری ہونگی سفید کاغذ پر ڈیجیٹل ای سٹامپ جاری، فراڈ کے امکانات کم ہونگے :پی ایل آر اے
لاہور(آن لائن)پنجاب حکومت نے صوبے میں سٹامپ پیپر کے پرانے نظام کو ختم کرتے ہوئے 9 مارچ سے نیا ڈیجیٹل ای سٹامپ سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ اس فیصلے کے تحت اب روایتی پیلے رنگ کے ای سٹامپ پیپر کی جگہ سفید کاغذ پر پرنٹ ہونے والا ڈیجیٹل ای سٹامپ استعمال کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اس تبدیلی کی دو بڑی وجوہات سامنے آئی ہیں۔ پہلی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ پرانے ای سٹامپ پیپر کا موجودہ سٹاک ختم ہونے کے قریب ہے ۔ بینک آف پنجاب نے متعلقہ حکام کو آگاہ کیا ہے کہ موجودہ سٹامپ پیپر کا ذخیرہ صرف دو سے تین دن میں ختم ہو جائے گا۔ دوسری جانب پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی (پی ایل آر اے )نے اطلاع دی ہے کہ نئے ڈیجیٹل سسٹم کا سافٹ ویئر تیار ہے اور اس کی اندرونی ٹیسٹنگ بھی مکمل کی جا چکی ہے جبکہ سسٹم کو مکمل طور پر فعال کرنے کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔نئے نظام کے تحت اب اگر کوئی شہری رجسٹری، بیع نامہ، حلف نامہ، کرایہ نامہ یا دیگر عدالتی دستاویزات تیار کروائے گا تو سٹامپ پیپر کی جگہ سفید کاغذ پر پرنٹ شدہ ڈیجیٹل ای سٹامپ استعمال کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف نظام کو جدید بنایا جا رہا ہے بلکہ جعلسازی کے امکانات کو بھی کم کیا جا سکے گا۔