آؤٹ سورس سکولوں کے فنڈزامتحانی نتائج سے مشروط کرنے کا فیصلہ
90 فیصد سے زائد کامیابی دینے والے سکولوں کو ہی فی طالبعلم ادائیگی کی جائے گی پیکٹا خصوصی سکول بیسڈ ٹیسٹ لے گا، نتائج کی نگرانی اعلیٰ افسر کرینگے :محکمہ تعلیم
لاہور(آن لائن)پنجاب حکومت نے آؤٹ سورس کردہ سکولوں کی تعلیمی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے نیا اقدام اٹھاتے ہوئے سرکاری ادائیگی کو طلبہ کے امتحانی نتائج سے براہ راست منسلک کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔محکمہ تعلیم کے مطابق اس پالیسی کے تحت وہی سکول سرکاری ادائیگی کے مستحق ہوں گے جو اپنے طلبہ کو 90 فیصد سے زائد کامیابی دلانے میں کامیاب ہوں گے ، کمزور نتائج دینے والے سکولوں کی فنڈنگ روک دی جائے گی،اس مقصد کیلئے آؤٹ سورس سکولوں میں خصوصی سکول بیسڈ ٹیسٹ لیا جائے گا جس کا انعقاد پیکٹا کرے گا۔ امتحانات کے نتائج مرتب کر کے پنجاب حکومت کو بھجوائے جائیں گے تاکہ سکولوں کی کارکردگی کا شفاف انداز میں جائزہ لیا جا سکے ۔محکمہ تعلیم کے مطابق امتحانی پرچوں کی چھپائی کے اخراجات بھی پیکٹا برداشت کرے گا جبکہ امتحانات کے عمل کی نگرانی ڈویژنل ڈائریکٹرز اور دیگر اعلیٰ افسر کریں گے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے ۔ پالیسی کے تحت پہلی اور دوسری جماعت کے طلبہ کا زبانی امتحان لیا جائے گا تاکہ ابتدائی درجوں میں تعلیم کے معیار اور بچوں کی سیکھنے کی صلاحیت کا مکمل اندازہ لگایا جا سکے ۔محکمہ تعلیم پنجاب کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد آؤٹ سورس سکولوں کی تعلیمی کارکردگی کو بہتر بنانا اور سرکاری وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کرنا ہے ۔