4 اہم ادویات غیر معیاری قرار ،بیچز واپس منگوانے کا حکم

4 اہم ادویات غیر معیاری قرار ،بیچز واپس منگوانے کا حکم

اوینڈا سیو سلوشن میں زہریلا کیمیکل، سپوریکس انجکشن بھی معیار پر پورا نہ اتر سکا وٹامن بی 12 کا انجکشن نیوکوبال اور ڈیکسا میتھاسون انجکشن نیوڈیکس بھی ناقص

 لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے ) پنجاب حکومت نے 4 اہم ادویات کو غیر معیاری قرار دیتے ہوئے انہیں فوری طور پر مارکیٹ سے واپس منگوانے کا حکم دیدیا۔ محکمہ صحت پنجاب نے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کی رپورٹ کی روشنی میں انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے یہ اقدام اٹھایا ہے اور مختلف ادویات کے مخصوص بیچز کو غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ قرار دیا ہے ۔ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگ کنٹرول کی جانب سے جاری پبلک نوٹس کے مطابق متلی اور قے کے علاج کیلئے استعمال ہونے والا اوینڈا سیو (Ondasave) اورل سلوشن میں زہریلا کیمیکل ایتھیلین گلائیکول مقررہ حد سے زیادہ پایا گیا، جبکہ اینٹی بائیوٹک انجکشن سپوریکس (Sporex) جراثیم سے (صفحہ5بقیہ نمبر1) پاک ہونے کے معیار پر پورا نہیں اتر سکا۔ اسی طرح وٹامن بی 12 کا انجکشن نیوکوبال (Neocobal) اور ڈیکسا میتھاسون انجکشن نیوڈیکس (Neudex)بھی لیبارٹری ٹیسٹ کے دوران ملاوٹ شدہ اور غیر معیاری قرار دئیے گئے ہیں۔پراونشل کوالٹی کنٹرول بورڈ نے ان ادویات کو کلاس ون کیٹیگری میں رکھتے ہوئے تمام میڈیکل سٹورز، فارمیسیز اور ہسپتالوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان ادویات کی سپلائی اور فروخت فوری طور پر روک دیں اور موجودہ سٹاک مینوفیکچررز کو واپس کر کے اس کی رپورٹ ڈرگ انسپکٹرز کو جمع کروائیں۔ مینوفیکچررز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ مارکیٹ سے ان ادویات کی واپسی (ریکال) کو یقینی بنائیں ۔ محکمہ صحت نے عوام کو بھی خبردار کیا ہے کہ وہ ان ادویات کے متاثرہ بیچز کا استعمال فوری طور پر بند کر دیں،کسی بھی منفی اثرات کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دینے کی ہدایت بھی کی گئی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں