مشرق وسطیٰ کشیدگی:ائیرلائنز کرایوں میں اضافہ،85 پروازیں منسوخ
ڈومیسٹک پروازوں کا ٹکٹ 5 ہزار تک ،مشرق وسطیٰ کا15 ہزارروپے تک مہنگا لاہورسے 18 پروازیں اڑان نہ بھر سکیں ، حج فلائٹس شیڈول متاثر ہونے کا خدشہ
کراچی،لاہور،اسلام آباد(این این آئی ،مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن )ملک میں جیٹ فیول کی قیمت بڑھنے کے بعد ائیرلائنز نے بھی کرایوں میں اضافہ کردیا،دوسری طرف امریکا و اسرائیل کی ایران سے جنگ کے باعث پاکستان میں 11ویں روز بھی فلائٹ آپریشن متاثر رہا اور مشرق وسطیٰ کی 85 پروازیں منسوخ ہوگئیں۔تفصیلات کے مطابق ائیرلائنز نے بھی ملکی و بین الاقوامی روٹس کی ٹکٹوں کی قیمت میں بڑا اضافہ کردیاہے ۔ائیرلائن ذرائع کے مطابق کراچی سے لاہور، اسلام آباد اور دیگر سٹیشنز کیلئے کرایوں میں اضافہ کیا گیا ہے ، ڈومیسٹک پروازوں پر 2800 سے 5 ہزار روپے فی ٹکٹ تک کا اضافہ کیا گیا ہے ،اس کے علاوہ بین الاقوامی کرایوں میں 10 سے 28 ہزار روپے تک،مشرق وسطیٰ اور وسط ایشیائی ملکوں کیلئے 15 ہزار روپے تک اضافہ کیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق پاکستان سے ٹورنٹو، مانچسٹر کی پروازوں پر 28 ہزار روپے تک فی ٹکٹ اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ٹورنٹو، مانچسٹر کی اکانومی کلاس کا یکطرفہ کرایہ ڈھائی لاکھ روپے سے تجاوز کرگیا ۔
ادھر پاکستان سے دبئی،بحرین، کویت،قطر سمیت دیگرمشرق وسطیٰ ممالک کیلئے پروازوں کا شیڈول بدستور متاثر ہو رہا ہے ، گزشتہ روز بھی لاہور سے مشرق وسطیٰ کی 18 پروازیں منسوخ ہوگئیں ، اسلام آباد سے بھی 20 پروازیں ،کراچی سے دبئی، شارجہ اور ابوظہبی کی 26 پروازیں منسوخ ہوگئیں، تاہم، ایمریٹس، ائیر عربیہ اور فلائی ناس نے اپنا فلائٹ آپریشن بحال کر دیا اور ان کی پروازیں معمول کے مطابق روانہ ہو رہی ہیں۔ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق اسلام آباد ائیرپورٹ پر دیگر تمام ملکی و غیر ملکی پروازوں کا آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے ۔یاد رہے گزشتہ 11 دنوں کے دوران پاکستان سے مشرقِ وسطیٰ کے لیے تقریباً 1600 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں ۔ دوسری طرف مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باعث وزارت مذہبی امور نے حج فلائٹس شیڈول متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں حج فلائٹس شیڈول کا جائزہ لیا جا رہا ہے ، فلائٹ شیڈول میں ممکنہ تاخیرکے تناظرمیں عازمین جج کیلئے ویزا اجرا کا کام شروع کردیاگیا ،دو تہائی عازمین کو ویزے جاری کردیئے گئے ۔وزارت مذہبی امورکی جانب سے حج شیڈول کی تیاری کا کام تیزی سے جاری ہے ،حج شیڈول میں فلائٹ آپریشن،بلڈنگ بْکنگ،کمروں کا حصول اور دیگر امور شامل ہیں،عازمین حج کیلئے تفصیل وزارت کی ویب سائٹس اور پاک حج موبائل ایپ پر دستیاب ہوگی۔