عمران کی ہسپتال منتقلی ، اپیلوں پر کل سماعت ،اعتزاز وکیل مقرر

عمران کی ہسپتال منتقلی ، اپیلوں پر کل سماعت ،اعتزاز وکیل مقرر

لطیف کھوسہ کی جیل رولز کے بارے تیاری نہ ہونے پر سماعت ملتوی کرنا پڑی عدالت کی ایڈووکیٹ جنرل کو اعتزازاحسن کے وکالت نامہ پر دستخط کرانے کی ہدایت

اسلام آباد (رضوان قاضی، مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان کی ہسپتال منتقلی اور ہتک عزت کیس کی اپیلیں کل سماعت کیلئے مقرر کردی گئیں،اعتزازاحسن وکیل مقرر ،عدالت نے وکالت نامے پر دستخط کرانے کی ہدایت کردی۔ سپریم کورٹ میں جسٹس عائشہ ملک کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ کل سماعت کرے گا، وزیراعظم شہباز شریف نے ہتک عزت کا کیس عمران خان کے خلاف فا ئل کیا تھا، ٹرائل کورٹ نے ہتک عزت کیس میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی کا حق دفاع ختم کردیا تھا، جس کے خلاف عمران خان نے سپریم کورٹ میں اپیلیں دائر کر رکھی ہیں ،جبکہ عمران خان کو علاج کے لیے شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست بھی سماعت کیلئے مقرر کردی گئی ہے ، اس حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے کاز لسٹ جاری کردی، جس کے تحت جسٹس انعام امین منہاس بانی چیئرمین تحریک انصاف کی ہمشیرہ ڈاکٹر عظمیٰ خان کی درخواست پر کل کیس کی سماعت کرینگے ۔

دوسری طرف اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس خادم حسین سومرو پر مشتمل ڈویژن بنچ نے بانی پی ٹی آئی کو آنکھ کے علاج کے لیے ہسپتال منتقل کرنے سے متعلق توشہ خانہ فوجداری اپیل میں دائر متفرق درخواست پر سماعت کی۔ بیرسٹر اعتزاز احسن نے عدالت کو بتایا کہ وہ اس کیس میں وکالت نامہ جمع کرانا چاہتے ہیں لیکن دستخط نہیں ہو پا رہے ۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد ایاز شوکت کو ہدایت کی کہ وکالت نامے پر دستخط کروائے جائیں۔سماعت کے دوران اڈیالہ جیل حکام کی رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی گئی۔ سردار لطیف کھوسہ نے مؤقف اختیار کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کے علاج کے لیے انہیں شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جائے اور ذاتی معالج و اہل خانہ تک رسائی دی جائے ۔ وفاقی حکومت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض اٹھایا۔ دوران سماعت وکیل سردار لطیف کھوسہ کی جیل رولز کے حوالے سے تیاری نہ ہونے کی وجہ سے کیس کی مزید سماعت پرسوں تک ملتوی کی گئی۔عدالت نے ہدایت دی کہ کھوسہ صاحب متعلقہ جیل رول بتائیں،سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ آپ کل کے لیے رکھ لیں میں عدالت کی معاونت کر دوں گا،جسٹس خادم حسین سومرو نے کہا کہ میں کل دستیاب نہیں ہوں صحت ٹھیک نا ہونے کے باوجود آج آیا ہوں۔جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ آپ دونوں سائیڈز تیاری کرکے آئیں پرسوں آپ کو سن کر فیصلہ کریں گے ، عدالت نے کیس کی مزید سماعت بارہ مارچ تک ملتوی کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں