ہائیکورٹ:این سی سی آئی اے ملازمین مستقلی کی درخواستیں منظور
حکومت 6ماہ میں سروس رولز نوٹیفائی کرے ، ریگولرائزیشن عمل مکمل کیا جائے :عدالت ریگولرائزیشن تک کسی درخواست گزار کے خلاف تادیبی کارروائی نہیں کی جائیگی:فیصلہ
اسلام آباد (اپنے نامہ نگارسے )اسلام آباد ہائیکورٹ نے این سی سی آئی اے فیز تھری ملازمین کی مستقلی کی درخواستیں منظور کرلیں۔ جسٹس محسن اختر کیانی کی عدالت نے تحریری فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا وفاقی حکومت 6 ماہ کے اندر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے سروس رولز نوٹیفائی کرے ، مستقل ہونے والے گریڈ 1 سے 15 تک ملازمین کی ریگولرائزیشن کا عمل مکمل کیا جائے ، گریڈ 16 اور اوپر ملازمین کے کیسز قانون کے مطابق فیڈرل پبلک سروس کمیشن کو بھیجے جائیں گے ، نوٹیفیکیشن کے بعد ڈی جی دو ماہ کے اندر ملازمین کی اہلیت کی جانچ مکمل کرنے کے پابند ہیں، ریگولرائزیشن کے عمل کی تکمیل تک کسی بھی درخواست گزار کے خلاف تادیبی کارروائی نہیں کی جائے گی۔