اسلام آباد بلدیاتی انتخابات میں حکومت دلچسپی نہیں دکھا رہی:چیف الیکشن کمشنر

اسلام آباد بلدیاتی انتخابات میں حکومت دلچسپی نہیں دکھا رہی:چیف الیکشن کمشنر

ایک نگران دو منتخب حکومتوں نے اس معاملہ میں تعاون کیا، مزید تاخیر نہیں ہونے دی جائے گی:سکندر سلطان راجہ وزیر داخلہ کو حاضری سے استثنیٰ، سیکرٹری داخلہ کو جاری توہین الیکشن کمیشن کا نوٹس واپس، مزید سماعت ملتوی کر دی گئی

اسلام آباد (نیوز رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے کی، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی الیکشن کمیشن کے روبرو پیش نہ ہو سکے ، سیکرٹری داخلہ نے الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا کہ وزیر داخلہ کی طبیعت ناساز ہے اس لیے پیش نہیں ہو سکے ۔ الیکشن کمیشن نے وزیر داخلہ کو سماعت کی حاضری سے استثنیٰ دیا جبکہ سیکرٹری داخلہ کے خلاف جاری توہین الیکشن کمیشن کا نوٹس واپس لے لیا ۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا معاملہ دو منتخب حکومتوں اور ایک نگران حکومت کے ساتھ اٹھایا جا چکا اور تینوں حکومتیں الیکشن کمیشن کے ساتھ تعاون کرتی رہی ہیں تاہم ان کے مطابق موجودہ حکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں دلچسپی نہیں دکھا رہی۔ فروری 2021 سے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے اس وجہ سے الیکشن کمیشن کو توہین کا نوٹس جاری کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔ سیکرٹری داخلہ آج کمیشن کے سامنے پیش ہوئے ہیں اس لیے ان کے خلاف نوٹس واپس لیا جا رہا ہے ۔ الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں تجویز کردہ ترامیم وزارت قانون و انصاف کے پاس زیر غور ہیں جنہیں جلد کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ چیف کمشنر اسلام آباد نے آگاہ کیا کہ اس سلسلے میں تمام ضروری معلومات فراہم کر دی گئی ہیں۔چیف الیکشن کمشنر نے واضح کیا کہ الیکشن کمیشن اسلام آباد اور پنجاب میں انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے سنجیدہ ہے اور اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات میں مزید تاخیر نہیں ہونے دی جائے گی۔ مزید سماعت تک ملتوی کر دی گئی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں