لاہور،سیالکوٹ موٹر وے کو 2سے 3لین کرنے کی منظوری
این ایچ اے کا اجلاس ، کرتار پور، ننکانہ صاحب کو موٹرویز سے منسلک کرنیکافیصلہ مستقبل میں کوئی بھی موٹروے منصوبہ 6لین سے کم نہیں ہو گا ،عبد العلیم خان
اسلام آباد (نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے لاہور-سیالکوٹ موٹروے کو دو لین سے بڑھا کر تین لین کرنے کی منظوری د ے دی ،انہوں نے سیالکوٹ-کھاریاں اور اسلام آباد موٹروے کی تعمیر میں تیزی لانے کی بھی ہدایات جاری کی ہیں ، ان امور کا فیصلہ عبدالعلیم خان کی زیر صدارت این ایچ اے کے اجلاس میں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا مستقبل میں کوئی بھی موٹروے منصوبہ ہر طرف تین لین، مجموعی طور پر چھ لین سے کم پر تعمیر نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے این ایچ اے کو ہدایت کی کہ سیالکوٹ-راولپنڈی موٹروے پر کام کو تیز کیا جائے ۔ اس موقع پر مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے کرتار پور اور ننکانہ صاحب کو براہ راست موٹروے نیٹ ورک سے منسلک کرنے کابھی فیصلہ کیا گیا ۔ وفاقی وزیر نے این ایچ اے حکام کو ہدایت کی کہ وہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے برطانیہ، کینیڈا، امریکا اور یورپ میں ’’ انویسٹمنٹ روڈ شوز‘‘ منعقد کریں ۔