خصوصی نمائندہ پاک افغان مفاہمت کیلئے سرگرم:چین

خصوصی نمائندہ پاک افغان مفاہمت کیلئے سرگرم:چین

چینی وزیر خارجہ کا اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک رابطہ،سرحدی جھڑپوں پر تبادلہ خیال نائب وزیراعظم کی بنگلہ دیشی وزیر خارجہ سے مشرق وسطیٰ کشیدگی پر بات چیت

 اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ چین کا خصوصی نمائندہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان رابطوں اور مفاہمت کیلئے سرگرم ہے ۔چین کے وزیر خارجہ نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے ۔چینی وزارت خارجہ کے اعلامیے میں کہا گیا کہ دوران گفتگو پاکستان اور افغانستان کی حالیہ سرحدی جھڑپوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکنے کیلئے جلد مذاکرات کی طرف واپس جانا ضروری ہے ۔اعلامیے میں کہا گیا کہ ایران کی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی، کشیدگی کم کرنے کیلئے امریکا اور اسرائیل کو فوجی کارروائیاں روکنا ہوں گی۔چینی وزارت خارجہ کے اعلامیے میں یہ بھی کہا گیاکہ خلیجی ممالک پر حملوں کی حمایت نہیں کرتے ، شہری تنصیبات اور بے گناہ شہریوں پر حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔دریں اثنا پاکستان اور بنگلہ دیش کے وزرائے خارجہ نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر اظہارِ تشویش کیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ ڈاکٹر خلیل الرحمٰن سے ٹیلیفونک گفتگوہوئی ہے ،دونوں رہنماؤں میں مشرق وسطیٰ کی بدلتی علاقائی صورتحال اور اس کے اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان اور بنگلہ دیش نے دوطرفہ اور کثیرالجہتی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا،ترجمان کاکہناتھا کہ دونوں ممالک نے باہمی تعلقات کے فروغ اور قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں