سرمایہ کاری کیلئے مضبوط سائبر سکیورٹی ناگزیر :شزہ فاطمہ
32 سرکاری خدمات ڈیجیٹل، موبائل ایپس سے نادرا دستاویزات تک رسائی ممکن جدید ٹیکنالوجیز سے بیماریوں کے بہتر علاج کے مواقع پیدا ہو رہے ، خطاب
اسلام آباد (نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ ڈیجیٹل ترقی اور بیرونی سرمایہ کاری میں اعتماد پیدا کرنے کے لیے ملک میں سائبر سکیورٹی کو مضبوط بنانا ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 32 سے زائد سرکاری خدمات کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنا دیا گیا ہے اور موبائل ایپس کے ذریعے نادرا کی دستاویزات تک رسائی ممکن ہو رہی ہے ۔ سائبر سکیورٹی سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب تک پاکستان میں مضبوط سائبر سکیورٹی نظام قائم نہیں ہوگا، بیرونی سرمایہ کاری اور کاروباری مواقعوں میں مکمل اعتماد پیدا نہیں ہوسکے گا۔ دنیا تیزی سے ڈیجیٹلائزیشن کی طرف بڑھ رہی ہے اور صحت کے شعبے میں بھی جدید ٹیکنالوجیز کا استعمال بڑھ رہا ہے جس سے بیماریوں کے بہتر علاج کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں تاہم اس کے ساتھ ڈیٹا کے غلط استعمال کے خطرات بھی بڑھ رہے ہیں۔