ایران بھارت کی دوغلی پالیسی پر نالاں،خطے میں تناؤ بڑھ گیا

 ایران بھارت کی دوغلی پالیسی پر نالاں،خطے میں تناؤ بڑھ گیا

آبنائے ہرمز میں بھارت جانے والے تجارتی جہاز کو نشانہ بنانا ایران کاممکنہ ردعمل قرار

 اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر) ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران بھارت کی دوغلی پالیسی پر ایران کے سخت ردعمل کی اطلاعات سامنے آئی ہیں جس کے بعد خطے میں تناؤ بڑھ گیا ہے ۔ رپورٹس کے مطابق آبنائے ہرمز میں بھارت جانے والے ایک تجارتی جہاز کو نشانہ بنایا گیا جسے مبصرین ایران کی جانب سے ممکنہ ردعمل قرار دے رہے ہیں۔ واقعے کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ایران و بھارت تعلقات میں پیچیدگی کی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔عالمی میڈیا کے مطابق ایران نے بھارت کے شہر گجرات کی جانب جانے والے تھائی لینڈ کے مال بردار جہاز مایوری ناری کو آبنائے ہرمز میں ایک پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا۔

حملے کے نتیجے میں جہاز میں آگ لگ گئی جبکہ انجن روم کو شدید نقصان پہنچا۔تجزیہ کاروں کے مطابق بھارت کے لیے سامان لے جانے والے تجارتی جہاز کو نشانہ بنانا ایران کی جانب سے بھارت کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران حالیہ اقدامات خصوصاً ایرانی جنگی جہاز کو نشانہ بنائے جانے کے واقعے کو اپنے خلاف ممکنہ بھارتی صف بندی کا حصہ سمجھ رہا ہے ۔ ایران بھارت کی اس پالیسی پر سخت نالاں ہے جس میں وہ بظاہر تعلقات برقرار رکھنے کا دعویٰ کرتا ہے ، تاہم عملی طور پر اسرائیل کے قریب دکھائی دیتا ہے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا تو اس کے اثرات نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ عالمی تجارت اور سمندری راستوں پر بھی پڑ سکتے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں