لاہور سمیت کئی شہروں میں موسلا دھار بارش، بجلی فراہمی معطل
موسم خوشگوار ،آزادکشمیر کے دریاؤں میں پانی کی سطح بلند، لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ لیسکو کے 125 فیڈرز ٹرپ، سحری کے وقت بھی متعدد علاقوں میں بجلی بند رہی
لاہور،اسلام آباد (اپنے کامرس رپورٹر سے ،سٹاف رپورٹر سے ، آن لائن،آئی این پی )لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش،موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ اس دوران واپڈا کا ترسیلی نظام متاثر ہونے سے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل رہی، آج بھی بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لاہور میں رات گئے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ریکارڈ کی گئی۔جیل روڈ پر 5، گلبرگ میں 5اعشاریہ8، لکشمی چوک میں 6 ،مغلپورہ میں 1اعشاریہ5، تاج پورہ 6اعشاریہ 2 ، نشتر ٹاؤن میں 2 ، پانی والا تالاب میں 6اعشاریہ4، فرخ آباد میں 8اعشاریہ6 ،گلشن راوی میں 12اعشاریہ 6، سمن آباد میں 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
علاوہ ازیں بارش کے دوران لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی(لیسکو )ریجن میں 125 فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے کئی علاقوں کو گھنٹوں بجلی کی فراہمی معطل رہی ، لاہور کے مختلف علاقوں میں 55 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہوئے ،بعض علاقوں میں سحری کے وقت بھی بجلی بند رہی جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دریں اثنا جڑواں شہروں میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، آزاد جموں و کشمیر کے بیشتر علاقوں میں بارش اور برفباری رک گئی جبکہ سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیااور دریائے نیلم و جہلم کے پانی کی سطح بلند ہونا شروع ہوگئی ،وادی لیپہ سمیت دیگر علاقوں کی شاہراہوں پر پھسلن کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ موجود ہے ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور سمیت کئی علاقوں میں آ ئندہ24گھنٹوں کے دوران بھی مختلف مقامات پر بارش جبکہ چند علاقوں میں ژالہ باری متوقع ہے ۔ تاہم سندھ اوربلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے ۔