ایندھن بچائو مہم:قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو خصوصی استثنیٰ

ایندھن بچائو مہم:قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو خصوصی استثنیٰ

اسلام آباد پولیس ،سول آرمڈ فورسز پر 50فیصد حاضری کا فارمولا لاگو نہیں وزارت داخلہ میں دیگر عملے کیلئے متبادل دنوں میں ڈیوٹی ،ورک فرام ہوم نافذ

 اسلام آباد (نیوز رپورٹر)وزارتِ داخلہ نے کفایت شعاری اور ایندھن بچت مہم کے تحت قانون نافذ کرنے والے اداروں (LEAs) سول آرمڈ فورسز (CAFs) کو ان کی آپریشنل ذمہ داریوں کے باعث خصوصی استثنیٰ دے دیا ، وزارتِ داخلہ نے اسلام آباد پولیس کو بھی اس پالیسی سے مستثنٰی قرار دیدیا ،وزارتِ داخلہ کے احکامات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سول آرمڈ فورسز پر چار روزہ ورکنگ ہفتہ، 50 فیصد افرادی قوت کی حاضری اور ورک فرام ہوم کی پابندی لاگو نہیں ہوگی، تاکہ ملک میں امن و امان کے قیام اور آپریشنل ڈیوٹیوں کی انجام دہی میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔

حکم نامے کے مطابق وزارتِ داخلہ کے تمام ونگز کے جوائنٹ سیکرٹریز اور ڈپٹی سیکرٹریز پیر سے جمعرات تک باقاعدگی سے دفتر میں حاضر ہونے کے پابند ہوں گے، دیگر عملے کے لئے 50 فیصد ورکنگ اسٹرینتھ کا فارمولا اپنایا گیا ، جس کے تحت آدھا عملہ باری باری (متبادل دنوں میں) دفتر آئے گا جبکہ بقیہ 50 فیصد عملہ گھر سے کام (ورک فرام ہوم) کرے گا۔گھر سے کام کرنے والے اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فون پر دستیاب رہیں اور دفتری امور کے تسلسل کو یقینی بنائیں۔احکامات میں مزید کہا گیا ہے کہ جوائنٹ سیکرٹریز اپنے اپنے ونگز کا ڈیوٹی روسٹر فوری طور پر ایڈمن ونگ کو جمع کرائیں۔ وزارتِ داخلہ کے ماتحت تمام منسلک محکموں اور اداروں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ وزارت کی طرز پر بچت اقدامات فوری طور پر نافذ کریں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں