توانائی بچت اقدامات ، پنجاب میں 4 دن کام کا شیڈول نافذ
لاہور میں ایل ڈی اے سمیت اہم سرکاری ادارے جمعہ کو جزوی طور پر بند رہے بنیادی سہولیات کو متاثر ہونے سے بچانے کیلئے متعدد شعبوں کو فعال رکھا گیا
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )پنجاب حکومت نے توانائی بچت اقدامات کے تحت سرکاری دفاتر کے اوقات کار محدود کرتے ہوئے ہفتے میں 4 دن کام اور تین دن چھٹی کا شیڈول نافذ کر دیا۔جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو متعدد سرکاری دفاتر بند رکھے جائیں گے ۔لاہور میں اس پالیسی کے تحت اہم سرکاری ادارے جمعہ کو جزوی طور پر بند رہے جبکہ ضروری خدمات جاری رکھی گئیں۔تفصیلات کے مطابق توانائی کے استعمال میں کمی اور پٹرولیم مصنوعات کی بچت کیلئے پنجاب حکومت کی نئی انرجی سیونگ پالیسی کے تحت صوبے میں سرکاری دفاتر کے کام کا نیا شیڈول نافذ کر دیا گیا، پالیسی کے مطابق ہفتے میں 4 روز(سوموار، منگل ،بدھ اور جمعرات سرکاری دفاتر کھلے رہیں گے جبکہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو متعدد ادارے بند رہیں گے ۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں اس پالیسی کے نفاذ کے بعد لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی، واسا، پی ایچ اے اور محکمہ ٹرانسپورٹ سمیت کئی اہم انتظامی ادارے جمعہ کو جزوی طور پر بند رہے تاہم بنیادی شہری سہولیات کو متاثر ہونے سے بچانے کیلئے سروس فراہم کرنے والے شعبوں کو فعال رکھا گیا ۔ واسا کے ٹیوب ویلز اور ڈسپوزل سٹیشنز کے آپریٹرز معمول کے مطابق ڈیوٹی پر موجود رہے ،لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام بھی معمول کے مطابق جاری رہا جبکہ انتظامی اور دفتری عملے کو چھٹی دے دی گئی ۔