پٹرول کی قیمتیں بڑھنے سے سارا بوجھ عوام پر آگیا:حافظ نعیم

پٹرول کی قیمتیں بڑھنے سے سارا بوجھ عوام پر آگیا:حافظ نعیم

ہمیں رمضان میں فلسطینی بھائیوں کونہیں بھولنا چاہیے :امیر جماعت اسلامی چاہتا ہوں نوجوان الخدمت فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کرکام کریں:خطاب

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے پٹرول کی قیمتیں بڑھنے سے سارا بوجھ عوام پر آ گیا،بنوقابل پروگرام میں بچوں کو فری آئی ٹی تعلیم دے رہے ہیں،گزشتہ دو سال میں90 ہزار فلسطینیوں کو شہید کیا گیا،غزہ میں بڑی تعداد میں بچے یتیم ہوئے ، ملبے کے ڈھیر پرغزہ کے لوگ رمضان کی خوشیاں بھی منا رہے ہیں، ہمیں رمضان میں فلسطینی بھائیوں کونہیں بھولنا چاہیے ۔وہ لاہور میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام یتیم بچوں کے اعزاز میں منعقدہ گرینڈ افطار ڈنر سے خطاب کر رہے تھے ۔اس موقع پر امیر لاہور ضیا الدین انصاری ، جنرل سیکرٹری الخدمت فاؤنڈیشن وقاص جعفری، بنو قابل کے ڈائریکٹر عمیر ادریس، الخدمت لاہور کے صدر احمد حماد رشید اور سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان شکیل ترابی بھی موجود تھے ۔

تقریب میں یتیم بچے اور ہزاروں مرد و خواتین شریک ہوئے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ نظام کی خرابی کے اثرات پوری قوم پر پڑتے ہیں ، جب ریاست اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کرے تو اس کا بوجھ عام عوام کو اٹھانا پڑتا ہے ،اگر جماعت اسلامی کی حکومت ہوتی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہوتا تو اس کا بوجھ عوام پر ڈالنے کے بجائے حکومت خود برداشت کرتی، پٹرولیم قیمتوں میں اضافے سے عوام کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تقریباً 35 ہزار ایسے یتیم بچوں کی کفالت کی جا رہی ہے جو اپنی ماؤں کے ساتھ گھروں میں رہتے ہیں اور الخدمت فاؤنڈیشن ان کی دہلیز تک جا کر مدد اور تعلیم فراہم کر رہی ہے ،یتیم بچوں کی کفالت اصل خدمت انسانیت ہے ، چاہتا ہوں نوجوان الخدمت فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کرکام کریں، نوجوانوں کے لیے بنو قابل پروگرام جاری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین کے مظلوم عوام اور بچوں کو بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، الخدمت فاؤنڈیشن فلسطینیوں کی مدد کیلئے اب تک امدادی سامان کی پچاس کھیپیں غزہ بھیج چکی ہے ۔ الخدمت کی شفافیت اور مسلسل خدمات کی وجہ سے عوام اس ادارے پر اعتماد کرتے ہیں اور دل کھول کر عطیات دیتے ہیں ،جو کام ریاست کی ذمہ داری تھے وہ آج الخدمت فاؤنڈیشن انجام دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں یتیم بچوں کی کفالت کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ، اسی مقصد کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن نے آغوش ہومز قائم کئے ہیں جہاں بچے نہ صرف رہائش پاتے ہیں بلکہ معیاری تعلیم بھی حاصل کر رہے ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں