کوہاٹ:سی ٹی ڈی اور پولیس کے مشترکہ آپریشن میں6دہشتگرد ہلاک
لاچی میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پرکارروائی کی، 6مارے گئے ،بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد:ڈی پی او پشاور اور ڈی آئی خان میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے 2پولیس چوکیوں پر حملے ناکام،ایک اہلکار زخمی
پشاور،کوہاٹ(اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک ) پختونخوا کے علاقہ کوہاٹ میں سی ٹی ڈی اور پولیس کے مشترکہ آپریشن میں 6 دہشتگرد ہلاک ہو گئے ، بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن جاری ہے ،دوسری طرف پشاور اور ڈی آئی خان میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے 2 پولیس چوکیوں پر حملے ناکام بنا دئیے گئے ، اس دوران ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق کوہاٹ کے علاقہ لاچی میں سی ٹی ڈی پختونخوا اور اور پولیس کے مشترکہ آپریشن میں 6دہشتگرد مارے گئے ہیں۔ڈی پی او کوہاٹ شہباز الٰہی کے مطابق نواحی تھانہ لاچی کی حدود میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس اور سی ٹی ڈی کارروائی کیلئے وہاں پہنچی تو علاقے میں گھات لگائے دہشت گردوں نے اچانک حملہ کر دیا جس کا جوانوں نے فوری اور مؤثر جواب دیا۔ فائرنگ کا تبادلہ ختم ہونے کے فوراً بعد علاقے میں وسیع پیمانے پر سرچ اور سینیٹائزیشن آپریشن شروع کیا گیا۔ اس دوران جائے وقوعہ سے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 6 مسلح شرپسندوں کی لاشیں برآمد ہوئیں جبکہ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے 4دستی بم، 6 ایس ایم جی رائفلز، 6 بینڈولیئرز، 12 اضافی میگزین اور متعدد کارتوس بھی برآمد کئے گئے ۔
علاقے میں ممکنہ طور پر چھپے دیگر شرپسندوں کو مکمل ختم کرنے کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے ۔ یاد رہے ایک روزقبل لکی مروت میں بھی سکیورٹی فورسز نے آپریشن کر کے 6 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔ ادھر پشاور کے علاقے متنی کے علاقے میں پولیس چوکی حمیدی مشین پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنا دیا گیا ہے ۔پختونخوا پولیس کا کہنا ہے کہ جوابی کارروائی کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے ، واقعے میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان میں نامعلوم مسلح دہشت گردوں نے رات کی تاریکی میں پولیس چیک پوسٹ کھتی پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کر دیا ، جس میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی میں دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے حملہ پسپا کر دیا اوردہشتگرد فرار ہونے پر مجبور ہوگئے ۔زخمی کانسٹیبل کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ دہشت گردوں کی جانب سے پھینکے گئے دستی بموں اور بارودی مواد کو بی ڈی یو ٹیم نے ناکارہ بنایا۔ صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے کوہاٹ میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر خیبرپختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی کے افسروں اور اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے ۔ دریں اثناء وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاچی کوہاٹ میں خوارجیوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر پختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سکیورٹی اداروں کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی کے دلیر جوانوں پر فخر ہے ، صوبے میں قیام امن کیلئے پولیس اور سی ٹی ڈی کی کارروائیاں قابل تعریف ہیں۔