لاہور سمیت کئی علاقوں میں بارش،نشیبی علاقے زیر آب
فیڈرز ٹرپ ہونے سے گھنٹوں بجلی سپلائی بند ،آج بھی بادل برسنے کا امکان
لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے)صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ کئی نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ اس دوران بجلی کی ترسیلی کمپنیوں کا نظام بھی معطل،کئی علاقوں میں بجلی گھنٹوں بند رہی ۔تفصیلات کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز علی الصبح سحری کے وقت بارش ہوئی اور وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ دن بھر جاری رہااورسب سے زیادہ بارش تاجپورہ ،پانی والا تالاب،چوک نا خدا ،فرخ آباد اور نشتر ٹاؤن میں ریکارڈ کی گئی ۔ فیروز پور روڈ، سمن آباد، گلشن راوی، مزنگ، سبزہ زار، اعوان ٹاؤن ، کریم بلاک، گلبرگ، ماڈل ٹاؤن، جوہر ٹاؤن، اقبال ٹاؤن، ڈیفنس اور کینال روڈ سمیت متعدد دیگر علاقوں میں بھی بارش ہوئی اور اس دوران نشیبی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے پر شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 13اور زیادہ سے زیادہ21سینٹی گریڈرہا جبکہ ہوا میں نمی کی شرح25فیصدریکارڈ کی گئی ،اسی طرح لا ہور میں آلودگی کی مجموعی شرح 116فیصد رہی ۔دریں اثناء حاصل پور، سرگودھا، بہاولنگر، عارف والا، دنیا پور، سانگلہ ہل ، منچن آباد، فیصل آباد، قصور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ۔بارش میں لاہور سمیت دیگر شہروں میں بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہو گیا اور کئی علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی گھنٹوں معطل رہی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی لاہور سمیت پنجاب کے متعدد اضلاع میں مزید بارش کا امکان ہے ۔