اقوام متحدہ اسلاموفوبیا کے تدارک کیلئے کردار ادا کرے :حافظ نعیم

اقوام متحدہ اسلاموفوبیا کے تدارک کیلئے کردار ادا کرے :حافظ نعیم

دنیا میں شرپسند عناصر کی جانب سے مسلمانوں کیخلاف نفرت وتعصب کو فروغ دیا جا رہا اسلاموفوبیا کے نام پر مسلمانوں کیخلاف نفرت و تشدد قابل مذمت:امیر جماعت اسلامی

لاہور (سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے اسلاموفوبیا کے تدارک کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف بلاجواز نفرت اور تعصب کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے ، حالانکہ اسلام اخوت و محبت، رواداری اور امن و سلامتی کا دین ہے ۔ اسلام نہ صرف اقلیتوں کے حقوق کا ضامن ہے بلکہ تمام ادیان کے احترام کا حکم بھی دیتا ہے ۔ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مذہبی آزادی حاصل ہے اور ان کی عبادت گاہوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جاتا ہے ۔ اقلیتیں عزت و احترام کے ساتھ اپنے مذہبی فرائض ادا کر رہی ہیں اور بغیر کسی خوف و خطر کے آزادانہ زندگی گزار رہی ہیں۔ دنیا میں شرپسند عناصر کی جانب سے مسلمانوں کے خلاف نفرت اور تعصب کو فروغ دیا جا رہا ہے اور اسلاموفوبیا کے نام پر مسلمانوں کو ظلم و تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے ۔ قرآن پاک اور پیغمبر اسلامؐ کی اہانت کے واقعات دنیا بھر کے تقریباً پونے دو ارب مسلمانوں کو ذہنی اذیت پہنچاتے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ اسلاموفوبیا کے تدارک کیلئے اپنا کردار ادا کرے اور مسلمانوں کے خلاف بڑھتے ہوئے ظلم و تشدد کے واقعات کے سدباب کے لیے عالمی قوانین پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں