طیارے بارے پروپیگنڈا ،قانونی کارروائی کرینگے :پنجاب حکومت
ہتک عزت قانون کے تحت عدالتوں سے رجوع کیاجائیگا :مریم اورنگزیب بغض مریم نواز میں کہاں تک گرو گے ؟ جھوٹے کا منہ کالا ہوگا:عظمیٰ بخاری
لاہور( نیوزایجنسیاں )پنجاب حکومت نے سرکاری طیارے کے استعمال سے متعلق جھوٹے پروپیگنڈے کے خلاف بڑا فیصلہ کرلیا۔پنجاب حکومت نے مہم میں شامل افراد اورپلیٹ فارمز کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کردیا۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ اب بہت ہوچکا،مسلسل جھوٹ پھیلانے والے عناصر کوہرگزبرداشت نہیں کیا جائے گا،ہتک عزت کے قانون 2024کے تحت عدالتوں سے رجوع کیا جائے گا۔ جعلی خبروں اور بدنیتی پر مبنی پراپیگنڈے کو برداشت نہیں کیا جائے گا،اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن ہوگا،غلط معلومات پھیلانے والوں کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔
پنجاب حکومت زیادہ سے زیادہ سزا کے حصول کیلئے قانونی چارہ جوئی کرے گی۔دوسری طرف صوبائی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بغض مریم نواز میں کہاں تک گرو گے ؟ جھوٹے کا منہ کالا کرنا ہوگا۔ ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ پہلے سی ایم مریم نواز کی بیرون ملک روانگی سے متعلق جھوٹ پھیلایا گیا اب ان کی فیملی سے متعلق من گھڑت خبریں بنائی جا رہی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ جتنا زور جھوٹ بولنے پر لگایا جارہا ہے کاش اتنا عوام کی فلاح و بہبود کے لیے سوچا ہوتا تو شاید آج عوام آپ کے جھوٹ پریقین کرلیتی۔ آپ جھوٹ بولتے رہیں مریم نواز عوام کے فلاح و بہبود کے لیے نت نئے منصوبے لاتی جائیں گی اور لوگوں کے دلوں میں گھر کرتی رہیں گی، اب کوئی مظلومیت، معصومیت، سیاسی انتقام کارڈ نہیں ، جھوٹے کا منہ کالا اب کرنا ہوگا۔