3ماہ میں25ہزارسکول نہ جانیوالے بچوں کو داخل کرنیکا فیصلہ
اسلام آباد کے مخصوص مقامات کے قریب کمیونٹی سکولز قائم کیے جا ئیں گے حکومتی ٹیمیں بچوں کی نشاندہی کیلئے گھر گھر سروے کر رہی ہیں،وفاقی سیکر ٹری تعلیم
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے سکول سے باہر تمام بچوں کے داخلے کے 3 سالہ رولنگ پلان کے تحت اسلام آباد میں اگلے تین ماہ کے اندر 25000 سکول نہ جانے والے بچوں کو داخل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے حکومت ان مخصوص مقامات (ہاٹ سپاٹس) کے قریب نئے کمیونٹی سکولز بھی قائم کریگی جہاں سکول نہ جانے والے بچوں کی بڑی تعداد موجود ہے ۔وفاقی سیکرٹری برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، ندیم محبوب نے جامع داخلہ مہم کے آغاز پر کہا کہ یہ اقدام وفاقی وزیرِ تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی جانب سے اعلان کردہ ‘‘کوئی بچہ پیچھے نہ رہے ’’ مہم کے تسلسل میں اٹھایا گیا ہے ۔ حکومتی ٹیمیں سکول نہ جانے والے بچوں کی نشاندہی ، داخلہ یقینی بنانے کے لیے گھر گھر سروے کر رہی ہیں،مہم میں یونیورسٹی کے طلبا کو رضاکاروں کے طور پر شامل کیا گیا ہے ،انہو ںنے بتا یا کہ ہفتہ وار بنیادوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔ حکومت کا عزم ہے کہ کسی بھی بچے کو اس کے تعلیم کے حق سے محروم نہیں رکھا جائے گا ۔