پی آئی اے جائیدادوں کی مالیت 12 ارب
کنسورشیم نئی کمپنی پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ قائم ، شیئر ہولڈرز شامل ہونگے ،بریفنگ معدنیات لیز اراضی کے کرا یوں میں اضافہ کیا جائے ، سینیٹ نجکاری کمیٹی کی سفارش
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ) نجکاری کمیشن کے سیکرٹری عثمان باجوہ نے پی آئی اے کی نجکاری پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عارف حبیب کی سربراہی میں کنسورشیم نئی کمپنی پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ قائم کر چکا ہے جس میں تمام شیئر ہولڈرز شامل ہوں گے اور نجکاری کے عمل میں اب کوئی بڑی رکاوٹ باقی نہیں رہی۔ ریٹائرڈ ملازمین کی طبی سہولیات کے لیے اقدامات منظور کیے گئے اور ملک کے مختلف ہسپتالوں کے ساتھ معاملات کیے جا رہے ہیں۔ پی آئی اے کی جائیدادوں کی مجموعی مالیت تقریباً 12 ارب روپے اور بقایا جات 180 ارب روپے ہیں۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس چیئرمین سینیٹر افنان اﷲ خان کی زیر صدارت ہواجس میں پاکستان منرلز ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ایم ڈی سی)،پی آئی اے کی نجکاری، جائیدادیں، مالی کارکردگی اور ملازمین کی سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔پی ایم ڈی سی کے پاس ملک بھر میں کول مائنز، سالٹ اور سوپ اسٹون کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔ بلوچستان کے پشین اور ژوب میں معدنیات کی تلاش جاری ہے ۔
زمین تین سال کے لیے لیز پر دی جاتی ہے اور بعض نجی کمپنیوں کو دی گئی زمینوں کے کرایے موجودہ مارکیٹ سے کم ہیں۔ کمیٹی نے کرایوں میں اضافہ اور کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ ادارے کی سالانہ آمدن تقریباً ایک ارب روپے اور ٹیکس سے قبل ریونیو ڈھائی ارب روپے ہے ۔ چیئرمین کمیٹی نے گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطی اور وسطی ایشیا کے قریب ہونے کے باعث اس ایئرپورٹ کو علاقائی ٹریفک کے لیے مثر انداز میں استعمال کیا جا سکتا ہے ۔