مریم نواز کا زیادہ کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کیخلاف کریک ڈائون کا حکم
کرایہ نامہ نمایاں آویزاں کریں، عید پر گھر لوٹنے والے مسافروں کے استحصال کی اجازت نہیں دی جائیگی مریم نواز سے چینی قونصل جنرل کی ملاقات،سٹراٹیجک تعاون اور سی پیک پروگرام کو فروغ دینے پر اتفاق
لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے عید کے موقع پر مسافروں سے مقررہ سے زیادہ کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹر ز کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا،انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو زائدکرایوں کی وصولی اور ٹکٹ بلیک روکنے کے لئے کڑی مانیٹرنگ کا حکم دیا اورتمام بس سٹینڈز پر کرایہ نامہ نمایاں آویزاں کرنے کی ہدایت کی۔مریم نواز نے روزہ دار مسافروں کے افطار کا اہتمام کرنے کا حکم دیا اور بس سٹینڈز کی انتظار گاہوں پر بیٹھنے کے مناسب انتظام اور پنکھے کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عید کے موقع پر گھر کو لوٹنے والے غریب مسافروں کے استحصال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے لاہور میں نئے تعینات چین کے قونصل جنرل سن یان سے گزشتہ روز ملاقات کی۔
وزیراعلیٰ نے نئے قونصل جنرل کو لاہور میں تعیناتی پر مبارکباد دی،قونصل جنرل سن یان نے مریم نواز کو دورہ چین کی دعوت دی جسے ا نہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کیا۔ ملاقات میں سٹراٹیجک تعاون اور سی پیک پروگرام کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے چین کا دفاعی تعاون اور دیگر ممالک کے ساتھ کشیدگی کم کرنے میں تعاون پر اظہارتشکرکیا اور پاک چین دوستی کو فقیدالمثل قرار دیا۔ ملاقات میں پنجاب حکومت اور چینی قونصل خانے کیساتھ ملکر اقتصادی اور ثقافتی تبادلوں کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ مریم نواز نے کہا کہ چین نے پاکستان کی علاقائی سلامتی، خودمختاری اور ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ پنجاب ،صنعتی ترقی، تکنیکی تعاون اور شہری انتظام میں چینی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے ۔ سن یان نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی کی بہت قدر کرتے ہیں،پنجاب میں کاروباری اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ معاشی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہیں۔