پارلیمنٹ اور الیکشن کمیشن بھی آئین پر عملدرآمد نہیں روک سکتے : لاہور ہائیکورٹ
قانون سازوں کے قانون سازی کے عمل کو سراہنا چاہئے ،وہ صرف یہی کام کریں تو ان کو فرصت نہ ملے :جسٹس سلطان تنویر الیکشن کمیشن کے وکیل کو تیاری کیلئے مہلت،سماعت ملتوی ، جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کا حکم دیں،ایم پی اے شیخ امتیاز
لاہور (عدالتی رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنویر احمد نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کروانے کی درخواست پر سماعت عیدالفطر کے بعد تک ملتوی کر دی،عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو جواب داخل کرانے اور تیاری کے لیے مہلت دیدی، عدالت نے مقامی نمائندوں کے انتظامی اور مالی اختیارات پر وکلاء کو دلائل کے لئے طلب کرلیا،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے کابینہ سے لوکل گورنمنٹ رولز منظوری کی رپورٹ عدالت پیش کردی،عدالت نے ریمارکس دئیے کہ بلدیاتی انتخابات کرانا آئینی ذمہ داری ہے، پارلیمنٹ اور الیکشن کمیشن بھی آئین پر عمل درآمد نہیں روک سکتے ،قانون سازی کے حوالے سے قانون سازوں کے عمل کو سراہنا چاہیے۔
قانون ساز اگر صرف یہی کام کریں تو انہیں کسی اور کام کی فرصت نہ ملے ،سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ رولز میں پارٹی وابستگی کا خانہ موجود ہے ، صرف آزاد امیدوار ہی پارٹی نشان نہیں لے سکے گا، ایم پی اے شیخ امتیاز محمود نے مؤقف اپنایا کہ حکومت پنجاب صوبہ میں بلدیاتی الیکشن کروانے جا رہی ہے ،پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2017 میں ترامیم کر دی گئیں،الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے لیے شیڈول جاری کر رکھا ہے ،یہ الیکشن غیر جماعتی بنیادوں پر کرائے جا رہے ہیں، حکومت کے اس ایکٹ سے جمہوریت کو نقصان پہنچے گا،عدالت بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کروانے کا حکم دے۔