خام تیل کی ان لوڈنگ جاری، دوسرے جہازکی جلد آمد

خام تیل کی ان لوڈنگ جاری، دوسرے جہازکی جلد آمد

مزیدراستے میں ہیں،ڈیزل ذخائر 24 دن کیلئے کافی ، پٹرول کے تسلی بخش

اسلام آباد(اے پی پی)پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی نگرانی کے لئے قائم کمیٹی کو بتایا گیاہے کہ توانائی کی عالمی منڈی میں شدید اتار چڑھا ئواور علاقائی صورتحال کے باوجود ملک میں ایندھن کی فراہمی مستحکم ہے اور وافر ذخائر موجود ہیں، ڈیزل کے موجودہ ذخائر تقریباً  ً24 دن کے لئے کافی ہیں، اجلاس کوبتایاگیا کہ قومی ذخائر کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مارچ و اپریل کے لئے اضافی درآمدی انتظامات بھی کئے جا رہے ہیں۔ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقد ہوا ، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر ، گورنرسٹیٹ بینک، متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کے بارے میں بتایا گیا کہ ڈیزل کے موجودہ ذخائر تقریبا ً24 دن کے لئے کافی ہیں جبکہ پٹرول کے ذخائر بھی تسلی بخش سطح پر ہیں ۔پٹرولیم ڈویژن نے آگاہ کیا خام تیل کا ایک جہاز پہنچ چکا ہے اور اس کی ان لوڈنگ جاری ہے جبکہ ایک اور جہاز آئندہ چند گھنٹوں میں کراچی بندرگاہ پہنچنے والا ہے ، مزید کھیپیں راستے میں ہیں۔

نئی کھیپوں کی پراسیسنگ سے ریفائنری پیداوار میں اضافہ متوقع ہے ۔ عالمی پٹرولیم منڈیوں میں اس وقت غیر معمولی دبا ئوہے جہاں بینچ مارک قیمتوں اور کارگو پریمیم دونوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔ کمیٹی نے لیٹرز آف کریڈٹ کے حجم میں اضافے سے پیدا ہونے والے مسائل پر غور کیا اور مالیاتی اداروں اور درآمد کنندگان کے درمیان بہتر ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ایندھن کی درآمد کا تسلسل برقرار رکھا جا سکے ۔وزیر خزانہ نے معاملے کو سٹیٹ بینک اور پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے ساتھ اٹھانے کی ہدایت کی تاکہ سہولت کاری کے اقدامات کئے جا سکیں جن میں عارضی مالیاتی سہولتیں اور کنسورشیم بنیادوں پر فنانسنگ شامل ہو سکتی ہے ۔گورنر سٹیٹ بینک نے یقین دہانی کرائی کہ احتیاطی حدود سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا جبکہ بینکوں کو موجودہ حالات کے پیش نظر لچکدار رویہ اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔کمیٹی کو آگاہ کیا گیا سپلائی کے ذرائع کو متنوع بنانے کے لئے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ رابطے جاری ہیں جن میں حکومت سے حکومت کی سطح پر معاہدے بھی شامل ہیں، توقع ہے آئندہ ہفتوں میں اضافی درآمدات سے سپلائی مزید مستحکم ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں