عید کے بعد عمران خان رہائی امن موومنٹ کے آغاز کا اعلان

عید کے بعد عمران خان رہائی امن موومنٹ کے آغاز کا اعلان

ضلع ،تحصیل سطح پر لیکر جائینگے ،10لاکھ نوجوان شامل ہونگے :سلمان راجہ لڑائی کا تاثر نہ جائے اس لئے عمران خان رہائی فورس کا نام تبدیل کیا:جنید اکبر

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان تحریک انصاف نے عید الفطر کے بعد عمران خان رہائی امن موومنٹ کے آغاز کا اعلان کردیا،پارٹی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ تحریک میں پورے ملک سے 10لاکھ نوجوانوں کو شامل کیا جائے گا جس کا مقصد بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور ملک میں آئین اور قانون پر عمل درآمد کیلئے کوششیں کرنا ہے ۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہاعمران خان رہائی امن موومنٹ عید الفطر کے بعد سے کام شروع کردے گی۔

انہوں نے کہا ملک کے کروڑوں نوجوان ملک کے مستقبل اور ملک کے اندر کی صورتحال کے حوالے سے کافی فکر مند ہیں اور پاکستان کے نوجوان سمجھتے ہیں کہ پاکستان ایک بھیانک دور سے گزر رہا ہے اور عمران خان رہائی تحریک پورے پاکستان کے نوجوانوں کو مدعو کرے گی۔انہوں نے کہااس تحریک کے مرکزی عہدیداروں کا اعلان ہوگا اور اس کو ضلع اور تحصیل کی سطح پر لیکر جائیں گے اور لاکھوں نوجوان اس تحریک کاحصہ بنیں گے ، اس وقت ہزاروں پاکستانی جھوٹے مقدموں میں پھنسے ہیں۔

صوبائی صدر جنید اکبر خان نے کہاعید الفطر کے بعد عمران خان رہائی فورس بنانے کا اعلان ہوا تھا تاہم سیاسی کمیٹی نے یہ نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، انہوں نے کہاکہ اس ملک میں نہ تو کوئی آئین ہے اور نہ ہی قانون ہے ہم جمہوری لوگ ہیں اور ہم یہ نہیں چاہتے ہیں کہ اس نام سے کوئی لڑائی کا تاثر جائے ۔ڈاکٹر امجد نے کہا اس تنظیم کی ضرورت اس لئے پڑی کہ پاکستان کی ریاست تحریک انصاف کے لحاظ سے سوتیلی ماں کا کردار ادا کر رہی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا اسلام آباد آنا ایک حتمی چیز ہے ہم ملک کے ہر چوک کو ڈی چوک بنائیں گے ہم پورے ملک میں اپنی آواز پرامن طریقے سے بلند کریں گے اور قوم یہ فیصلہ کرچکی ہے کہ ہمیں جبر اور ظلم کا نظام قبول نہیں ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں