افغانستان کو ذمہ دار ریاست کا ثبوت دینا ہوگا : طلال چودھری

افغانستان کو ذمہ دار ریاست کا ثبوت دینا ہوگا : طلال چودھری

سرحد پر آپریشن عارضی معطل، کابل کو دنیا کیساتھ کیے وعدے پورے کرنا ہونگے ہماری مساجد، امام بارگاہیں، بازار ،بچے سرحد پار سے جار ی دہشتگردی پرمحفوظ نہیں

فیصل آباد (این این آئی)وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چودھری نے کہا ہے کہ افغانستان سے ہونے والی دہشتگردی کیخلاف جاری آپریشن کو عید الفطر کے احترام میں عارضی طور معطل کیا گیا ہے تاہم ہمسایہ ملک کو ذمہ دار ریاست کا ثبوت دینا ہوگا، کابل کو دنیا کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے کرنا ہوں گے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مساجد، امام بارگاہیں، بازار اور معصوم بچے سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کی وجہ سے محفوظ نہیں ہیں۔ پاکستان نے ہمیشہ امتِ مسلمہ کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے لیکن اب ہمیں سب سے پہلے اپنے ملک کی فکر کرنی ہے۔

وزیر مملکت نے واضح کیا کہ آپریشن صرف عید پر رکا ہے لیکن یہ مستقل طورپر تب ہی ختم ہوگا جب افغانستان ان تمام شرائط کو پورا کرے گا جو پوری دنیا کا مطالبہ ہے ۔ انہوں نے کہا مشرقِ وسطی ٰکی صورتحال کے پاکستان پر گہرے اثرات مرتب ہو رہے ہیں،وہاں ہمارے 40 لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں اور ہماری تیل کی ترسیل کا بڑا حصہ بھی وہیں سے آتا ہے ۔ عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں بڑھنے کے باوجود وزیر اعظم نے عید پرریلیف دینے کیلئے اضافی بوجھ عوام پر منتقل نہیں کیا اور حکومت خود اسے برداشت کر رہی ہے ۔وزیر مملکت نے دعا کی کہ اللہ تعالی ٰامتِ مسلمہ کو اس بحران سے نکالے اور ہمسایہ ملک کو ہدایت دے کہ وہ اپنی سرزمین کو دہشتگردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں