کاسا 1000 منصوبہ:پاکستان کی اہم کامیابی، 27 ملین ڈالر بچت

کاسا 1000 منصوبہ:پاکستان کی اہم کامیابی، 27 ملین ڈالر بچت

فروری 2028تک کیئر اینڈ کسٹڈی لاگت 9ملین ڈالر، تین ماہ توسیع ہو سکے گی اہم اثاثوں کی فعالیت و سکیورٹی برقرار، کمپنیوں سے مذاکرات میں اتفاق رائے

اسلام آباد (نامہ نگار)پاکستان نے کاسا 1000 منصوبے میں کامیاب مذاکرات کے ذریعے ایک اہم مالی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 27 ملین امریکی ڈالر سے زائد کی بچت یقینی بنائی ہے ۔ وزارت پاور ڈویژن کے جاری بیان کے مطابق ای پی سی کنٹریکٹر، ہٹاچی-کوبرا جوائنٹ وینچر نے کیئر اینڈ کسٹڈی کی مالی لاگت بڑھا کر پاکستان کے لیے تقریباً 32.9 ملین ڈالر اور تاجکستان کے لیے 28.5 ملین ڈالر تک پہنچا دیا تھا۔ 9 تا 10 مارچ کو سویڈن کے شہر لُدویکا میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں وزارتِ توانائی کے ایڈیشنل سیکرٹری امتیاز حسین شاہ اور نیشنل گرڈ کمپنی کے ایم ڈی الطاف حسین نے شرکت کی، مذاکرات کے دوران فریقین نے اتفاق کیا کہ فروری 2028 تک کیئر اینڈ کسٹڈی کی مجموعی مالی لاگت 9.0 ملین امریکی ڈالر تک رکھی جائے گی جو پاکستان اور تاجکستان کے درمیان تقسیم ہوگی۔ اس فیصلے سے پاکستان کو 27 ملین ڈالر سے زائد بچت ہوگی، اس عبوری مدت کے دوران اہم HVDC اثاثہ جات کی فعالیت، سلامتی اور آپریشنل تیاری بھی یقینی بنائی جائے گی۔ فروری 2028 کے بعد تین ماہ تک محدود توسیع کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے جس پر ماہانہ 5 فیصد اضافہ لاگو ہوگا۔ کاسا 1000 منصوبہ افغانستان کی جغرافیائی و سیاسی صورتحال کے باعث تاخیر کا شکار رہا ہے ۔ موجودہ پیش رفت کے مطابق HVDC نظام کی تکمیل اور آپریشنل آغاز اب ستمبر 2027 تک متوقع ہے جس کے پیش نظر عبوری طور پر کیئر اینڈ کسٹڈی انتظامات جاری رکھنا ضروری قرار دیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں