ملک بھر میں آج یوم پاکستان سادگی پروقار طریقے سے منایا جائیگا
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں)ملک بھر میں یوم پاکستان آج سادگی اور پروقار طریقے سے منایا جائیگا،سادہ پرچم کشائی کی تقریبات ہونگی،تمام وزارتوں، ڈویژنز اور محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سادگی سے یوم پاکستان منائیں تاکہ محدود تقریبات کے باوجود اس دن کی اہمیت اور اسکا حقیقی پیغام برقرار رکھا جا سکے۔
صدر آصف زرداری ،وزیر اعظم شہباز شریف ،فیلڈ مارشل عاصم منیر، ایڈمرل نوید اشرف، ایئر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو نے نے یومِ پاکستان پر پیغامات میں قیامِ پاکستان کے کیلئے دی گئی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور قومی اتحاد، ترقی اور امن کے عزم کا اعادہ کیا۔صدر زرداری نے کہا دہشتگردی، انتہاپسندی اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی کارروائیوں کا بھرپور خاتمہ کیا جائے گا اور ملک کے امن و استحکام پر کوئی سمجھو تا نہیں ہوگا ،وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا پاکستان کا قیام اسلاف کی قربانیوں کا نتیجہ ہے اور ملک نے مشکل حالات کے باوجود نمایاں ترقی کی ۔ انہوں نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے اور دہشتگردی کیخلاف کارروائیاں قومی عزم کی عکاس ہیں ،وزیر اعظم نے کہا کہ یومِ پاکستان پر ہم تحریکِ پاکستان کے قائدین اور کارکنوں کی لازوال خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں ۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف، ایئر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو نے مسلح افواج کی جانب سے پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کی اور کہا ہے کہ یوم پاکستان ہماری تاریخ کا فیصلہ کن دن ہے ، جس نے ہمارے اجتماعی وژن کو واضح کیا اور آزاد وطن کے قیام کی راہ متعین کی، ایسے وقت میں جب ملک کو دہشت گردی اور انتہاپسندی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے ، ہماری مسلح افواج، عوام اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملکر ان خطرات کے خاتمے کے لیے متحد اور ثابت قدم ہیں۔