سپلائی چین کے ذریعے سائبر حملوں کا خطرہ بڑھ گیا، نیشنل سرٹ کی ایڈوائزری جاری
اسلام آباد (دنیا نیوز)نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے اہم قومی تنصیبات کو درپیش بڑھتے ہوئے سائبر خطرات کے پیش نظر ایک اہم سکیورٹی ایڈوائزری جاری کر دی۔
جس میں سپلائی چین حملوں کو ملک کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے لئے سنگین خطرہ قرار دیا گیا ہے۔ ایڈوائزری کے مطابق دشمن ممالک اب روایتی سائبر حملوں کے بجائے سپلائی چین کے ذریعے بجلی، بینکنگ اور دفاعی نظام کو نشانہ بنانے کی حکمت عملی اپنا رہے ہیں۔ اس میں ہارڈویئر اور سافٹ ویئر کی ترسیل کے دوران معمولی سی غفلت بھی بڑے پیمانے پر سسٹم فیل ہونے کا سبب بن سکتی ہے ۔نیشنل سرٹ نے خبردار کیا ہے کہ ریاستی سرپرستی میں ہونے والی سائبر جاسوسی اب لاجسٹکس، مینوفیکچرنگ اور ڈسٹری بیوشن کے مراحل تک پھیل چکی ہے ، جس سے خطرات مزید پیچیدہ ہو گئے ہیں۔