ڈیل چوری کا پیسہ بچانے والے کرتے ہیں،علیمہ خانم

ڈیل چوری کا پیسہ بچانے والے کرتے ہیں،علیمہ خانم

عمران نے بیٹوں کو بتایا آنکھ بہتر ہے ،بشریٰ کی فیملی سے ملاقاتیں بند کر دی گئیں ہر عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا اورکھٹکھٹاتے رہیں گے :سلمان اکرم راجہ کی گفتگو

راولپنڈی (خبر نگار)بانی تحریک انصاف کی ہمشیرہ علیمہ خانم نے کہاہے کہ عمران خان مکمل قید تنہائی میں ہیں، عید والے دن ان کی اپنے بیٹوں سے بات ہوئی ہے اور انہوں نے بیٹوں کو بتایا ہے کہ آنکھ میں تھوڑی بہتری ہوئی ہے ،بشریٰ بی بی کا کیس ابھی تک عدالت میں نہیں لگا ،31مارچ کو عدالت میں موجود ہوں گے ، دیکھیں گے کہ کیسسز لگاتے ہیں کہ نہیں ،اڈیا لہ جیل کے قریب فیکٹری ناکہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی فیملی  کی ملاقاتیں بھی مکمل طور پر بند کروا دی گئی ہیں،ہمیں عمران خان کے علاج کے حوالے سے کسی نے رپورٹس نہیں دکھائیں ،ہمیں کچھ معلوم نہیں ہے کہ ان کی آنکھ کا مسئلہ کس وجہ سے ہوا ہے ،ہم انکی رپورٹس پر یقین نہیں کر سکتے۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کو مجھ پر دباؤ ڈالنے کیلئے جیل میں رکھا گیا ہے ، یہ جو مرضی کرلیں میں انکے سامنے سر نہیں جھکاؤں گا، علیمہ نے مزید کہا کہ جنہوں نے چوری کے پیسے بچانے ہوتے ہیں وہ ڈیل کرتے ہیں، ہماری کسی کے ساتھ ملاقات نہیں ہوئی ۔دریں اثنا پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب تک عوام کی انکے لیڈر کے ساتھ ملاقات نہیں کرائیں گے تب تک امن کی فضا قائم نہیں ہوسکتی، عدالتیں ہمارے لئے عملا ًبند ہیں، ہم نے ہر عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا ،کھٹکھٹاتے رہیں گے ،ہمیں کوئی امید نہیں لیکن ہم عدلیہ کی بحالی کے علمبردار ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے تیسرے انجکشن کے حوالے سے پارٹی اور خاندان کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، ان کو خفیہ طریقے سے رات کی تاریکی میں کسی کو بتائے بغیر ہسپتال منتقل کیا گیا ،ہمارا موقف واضح ہے جب تک فیملی اور ذاتی معالج کو رسائی نہیں ملتی کوئی بھی طریقہ ہمیں قابل قبول نہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں