عدم پیشی، وزیراعلیٰ پختونخوا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری
ریاستی اداروں پر الزامات کیس، سہیل آفریدی کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم بانی پی ٹی آئی رہائی فورس سے متعلق دائر درخواست پر شواہد پیش کرنے کیلئے مہلت
اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے ، کورٹ رپورٹر) سینئر سول جج عباس شاہ نے ریاستی اداروں پرگمراہ کن الزامات اور ساکھ متاثر کرنے کے کیس میں طلبی کے باوجود مسلسل عدم پیشی پر وزیر اعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 9 اپریل تک ملتوی کر دی۔ این سی سی آئی اے نے پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے ۔
ادھر وفاقی آئینی عدالت میں وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کے خلاف بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے فورس بنانے سے متعلق دائر درخواست پر جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے شواہد پیش کرنے کیلئے مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سیاسی بیانات پر عدالت مداخلت نہیں کر سکتی۔ اگر فورس سے متعلق ٹھوس شواہد یا نوٹیفکیشن موجود ہے تو پیش کیا جائے ۔ درخواست گزار ظہیر احمد کے وکیل نے مزید شواہد جمع کرانے کیلئے مہلت کی استدعا کی جو عدالت نے منظور کر لی۔