مونس الٰہی کے اثاثے ضبط کرنے کیخلاف درخواست پر کارروائی
وکلاء سے درخواست قابل سماعت ہونے پر31مارچ کو دلائل طلب
لاہور(عدالتی رپورٹر)احتساب عدالت لاہور میں گجرات ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن اور کک بیکس ریفرنس کی سماعت کے دوران اشتہاری ملزم مونس الٰہی کے اثاثے ضبط کرنے کے خلاف درخواست پر کارروائی ،مونس الٰہی کی والدہ قیصرہ الٰہی نے اثاثے ضبط کرنے کی کارروائی کو چیلنج کر رکھا ہے ۔ احتساب عدالت کے جج رانا محمد عارف نے درخواست پر سماعت کی۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ قیصرہ الٰہی کو مونس الٰہی نے اپنا مختار عام مقرر کر رکھا ہے ۔ جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ کیا اشتہاری ملزم اپنا نمائندہ مقرر کر سکتا ہے ۔ عدالت میں استدعا کی گئی کہ درخواست پر دلائل کیلئے مہلت دی جائے ،عدالت نے سماعت 31 مارچ تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے وکلاء سے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل طلب کر لئے ۔نیب نے پرویز الٰہی و دیگر کیخلاف ریفرنس دائر کر رکھا ہے ۔