پنجاب :آئندہ مالی سال کیلئے ترقیاتی بجٹ کا ابتدائی خاکہ تیار

پنجاب :آئندہ مالی سال کیلئے ترقیاتی بجٹ کا ابتدائی خاکہ تیار

مجموعی ترقیاتی پروگرام کا حجم 1450 ارب تجویز ،1824 ترجیحی سکیمیں شامل بنیادی ترقیاتی پروگرام کیلئے 980ارب،دیگر کیلئے 320ارب رکھنے کی سفارش

لاہور(اپنے نامہ نگار سے )پنجاب کے آئندہ مالی سال 2026-27 کیلئے ترقیاتی بجٹ کا ابتدائی خاکہ تیار کر لیا گیا ، جس کے تحت مجموعی ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی)کا حجم 1450 ارب روپے تجویز کیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پی اینڈ ڈی بورڈ نے نئے مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں کی ابتدائی تیاری مکمل کر لی جس میں بنیادی ترقیاتی پروگرام کیلئے 980 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز شامل ہے جبکہ دیگر ترقیاتی منصوبوں کیلئے 320 ارب روپے اور غیر ملکی فنڈنگ کی مد میں 150 ارب روپے رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کیلئے 1824 اعلیٰ ترجیحی سکیمیں شامل کی گئی ہیں جن کی مجموعی لاگت 2ہزار347 ارب روپے سے زائد بنتی ہے ، تاہم ان منصوبوں کیلئے اگلے سال کے دوران 580 سے 780 ارب روپے تک خرچ کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ کے خصوصی ترجیحی منصوبوں کیلئے بھی 200 ارب روپے تک بلاک ایلوکیشن رکھنے کی تجویز زیر غور ہے۔

ترقیاتی پروگرام میں ٹرانسپورٹ سیکٹر کو سرفہرست رکھا گیا ہے جہاں 303 ارب روپے کے بڑے منصوبے شامل کئے گئے ہیں جبکہ لاہور میں ترقیاتی کاموں، صاف پانی کی فراہمی، مثالی گاؤں پروگرام اور دیگر شہری سہولیات کے منصوبے بھی بجٹ کا حصہ ہوں گے ۔ ذرائع کے مطابق مثالی گاؤں پروگرام کیلئے 30 ارب ،سڑکوں کی بحالی پروگرام کیلئے 42 ارب ، صاف پانی منصوبوں کیلئے 25 ارب اور کنٹونمنٹ بورڈز کیلئے 7 ارب ،پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کیلئے 200 سے 250 ارب روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق بجٹ کے اس ابتدائی مسودے کو مزید مشاورت کے بعد حتمی شکل دی جائے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں