ایران امریکا مذاکرات میں خلیجی ممالک کی شمولیت ضروری:خلیج تعاون کونسل
کشیدگی کا ذمہ دار ایران،جی سی سی کودفاع کا حق ،تنازع کے حل کیلئے سفارتکاری ترجیح :جاسم البدوی ایرانی اقدامات علاقائی استحکام کیلئے خطرہ ، تہران پر عالمی دباؤ بڑھایا جائے :سیکرٹری جنرل جی سی سی
ریاض(اے ایف پی)خلیجی ممالک نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان کسی بھی مذاکرات یا معاہدے میں ان کی شمولیت ضروری ہے ۔ خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدوی نے کہا کہ یہ شمولیت خطے کی سلامتی اور استحکام کو مضبوط کرے گی۔ البدوی نے بتایا کہ ایران نے جہازوں سے ہرمز گزرگاہ عبور کرنے کے لیے مالی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ خلیجی ممالک کے پاس دفاع کا حق ہے ، مگر وہ تنازع کے حل کے لیے سفارتکاری کو ترجیح دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کشیدگی کا ذمہ دار ایران ہے ، اس کے اقدامات علاقائی استحکام کیلئے خطرہ ہیں ۔ جاسم محمد البدوی نے خطے میں مزید کشیدگی روکنے کیلئے ایران پر مربوط عالمی دباؤ بڑھانے پر بھی زور دیا۔جاسم محمد البدوی نے ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی اپنی ایک تقریر میں کہا کہ عالمی برادری کو ایران کو حملے روکنے کے لیے ایک مشترکہ پیغام دینا چاہیے ۔ البدوی نے خطے میں مزید کشیدگی روکنے کے لیے ایران پر مربوط عالمی دباؤ بڑھانے پر بھی زور دیا۔خلیج تعاون کونسل کے سربراہ نے حالیہ تنازعے کے بعد کسی بھی ایسے بندوبست کو مسترد کر دیا جو خطے کے نقشے کو ازسرِنو ترتیب دینے کی کوشش کرے ، اور خبردار کیا کہ بحران کے خاتمے کے بعد جغرافیائی سیاسی سرحدوں میں تبدیلی کی کوششوں سے گریز کیا جائے ۔انہوں نے مزید الزام لگایا کہ ایران آبنائے ہُرمز سے گزرنے والے جہازوں سے ادائیگیاں طلب کر رہا ہے ، جو ایک اہم عالمی بحری راستہ ہے جہاں سے دنیا کی تیل کی فراہمی کا بڑا حصہ گزرتا ہے ۔خلیج تعاون کونسل کے سربراہ عوامی سطح پر اس نوعیت کا الزام عائد کرنے والے پہلے اعلٰی علاقائی عہدیدار ہیں۔