گندم فراہمی کی حکومتی یقین دہانی، آٹا مہنگا کرنیکا عمل رک گیا
فلور ملزنے 20کلو آٹے کاتھیلا 250 روپے مہنگا کرنے کااعلان کیا تھا سندھ میں نئی فصل آنے پر گندم کی فی کلوقیمت میں 10 روپے کمی
لاہور،کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی)فلور ملوں نے آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں250 روپے تک اضافے کا اعلان کر دیاجس کے بعد قیمت1810 روپے سے بڑھ کے 2060 روپے ہو گئی تاہم محکمہ خوراک کی جانب سے 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی فراہمی کی یقین دہانی پر فلور ملوں نے قیمتوں میں اضافے کا اطلاق پیر تک روک دیا۔
سربراہ پروگریسو فلور ملز ایسوسی ایشن ماجد عبداللہ کے مطابق پنجاب حکومت نے 3000 روپے فی من والی گندم کا اجرا روک دیا ، اس وقت مارکیٹ میں گندم 3700 روپے من مل رہی ،موجودہ گندم کے ریٹ پر آٹے کے تھیلے کی قیمت 2200 روپے بنتی ہے لیکن ہم نے کم اضافہ کیا، آئندہ دنوں میں گندم کی قیمت کے مطابق فیصلہ کریں گے،آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق پیر تک روک دیا ہے۔
ادھر سندھ میں گندم کی نئی فصل آنے پر گندم فی کلوقیمت میں 10 روپے کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ فلور ملز مالکان نے آٹے اور میدے کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کر دیا ہے ، جس کے بعد آٹے اور میدے کے نرخوں میں 12 روپے فی کلو تک کی کٹوتی کی ہے ۔فلور ملز ایسوسی ایشن کے مطابق گندم کی قیمت 95 روپے سے کم ہو کر 85 روپے فی کلو پر آگئی ،اس کمی کے نتیجے میں کراچی میں ڈھائی نمبر آٹے کے نرخ 107 روپے سے کم ہو کر 95 روپے فی کلو مقرر کر دیا گیا ہے ۔اسی طرح فائن آٹا بھی 126 روپے سے کم ہو کر 114 روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے۔