گریڈ 17 تا 22 افسران کے طبی معائنے کانیا پروفارما تیار
35 سال عمر تک کے افسران کیلئے نامزد ہسپتالوں سے ٹیسٹ ،معائنہ لازمی ڈاکٹر جسمانی معائنے کی روشنی میں افسر کو مخصوص ’کیٹیگری‘تفویض کریگا
اسلام آباد (ایس ایم زمان )اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے وفاق کے ماتحت سروس کیڈر گروپ کے گریڈ 17 تا 22 کے 35 سال تک کہ افسران کے لئے نیا میڈیکل پروفارما تیار کیا گیا ، پروفارما وزارت قومی صحت کی مشاورت سے تیار کیا گیا ، پروفارما کے مطابق افسران کا میڈیکل کیا جائے گا ۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے جاری میڈیکل پروفارما میں 35 سال عمر تک کے افسران کیلئے مختلف ٹیسٹ اور معائنہ کو لازمی قرار دیا گیا ، افسران کو وفاقی حکومت کے نامزد ہسپتالوں یا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے سربراہ کی طرف سے نامزد ڈاکٹر سے اپنا معائنہ کروانا ہوگا جس میں عمومی جسمانی حالت سے لے کر طبی ٹیسٹ تک شامل ہیں ، طبی معائنے میں افسر کی عمومی صحت کا جائزہ لیا جائے گا، جس میں کسی جسمانی معذوری کی موجودگی، قد، وزن اور باڈی ماس انڈیکس (BMI) کو ریکارڈ کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی، 'لوکوموشن' (نقل و حرکت) کا معائنہ بھی شامل ہے تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ کیا کوئی ایسی جسمانی خرابی تو نہیں جو افسر کے معمول کے سرکاری کام کاج میں رکاوٹ بن سکتی ہو۔
پروفارما کے مطابق ڈاکٹر کے لیے تفصیلی جسمانی معائنہ کرنا لازمی ہوگا، جس میں نبض کی رفتار ،بلڈ پریشر، چہرے کی رنگت ،یرقان کی علامات اور تھائی رائڈ کا معائنہ شامل ہے ۔ اس کے بعد، سینے دل و عروق ، پیٹ اور مرکزی اعصابی نظام کا تفصیلی طبی معائنہ کیا جائے گا۔افسران کی بصارت اور سماعت کا معائنہ لازمی ہوگا ، اسی طرح، کان کی کسی بیماری کی علامات کو جانچنے کے لئے سماعت کا معائنہ کیا جائے گا۔ خون کا مکمل ٹیسٹ (Blood CP)، ای ایس آر (ESR)، جگر اور گردوں کے افعال کے ٹیسٹ (LFTs & RFTs)، خالی پیٹ چربی کا پروفائل (Serum lipid profile - Fasting)، خالی پیٹ شوگر (Blood Sugar - Fasting) اور گزشتہ تین ماہ کی اوسط شوگر کا ٹیسٹ (HbA1c) متعدی بیماریوں کی تشخیص کے لئے ہیپاٹائٹس بی (HbsAg) اور ہیپاٹائٹس سی (Anti HCV) کے ٹیسٹ بھی لازمی قرار د ئیے گئے ہیں ، اس کے علاوہ یورین آر ای ، ای سی جی بھی پروفارما کا حصہ ہے ،معائنے کے اختتام پر، نامزد ڈاکٹر تمام ٹیسٹ رپورٹس کی روشنی میں افسر کو ایک مخصوص 'کیٹیگری' تفویض کرے گا۔