نائب صدر اے ڈی بی کی 19 اپریل کوآمد،اہم ملاقاتیں طے

 نائب صدر اے ڈی بی کی 19 اپریل کوآمد،اہم ملاقاتیں طے

وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب، وزرا کیساتھ سرمایہ کاری کے مواقع زیر بحث آئینگے لاہور میں ایگریکلچر اینڈ فوڈ انویسٹمنٹ فورم بھی ہوگا، 24اپریل تک یہیں رہیں گے

لاہور(محمد حسن رضا سے )ایشین ڈویلپمنٹ بینک (اے ڈی بی)کے نائب صدر 19 سے 24 اپریل تک پاکستان کا اہم دورہ کریں گے ، جس کے دوران اسلام آباد اور لاہور میں اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں کا شیڈول طے کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اس دورے میں وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب، وفاقی وزیر خزانہ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی سمیت اہم حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں ہوں گی جبکہ پاکستان کیلئے 2026-2030 پارٹنرشپ سٹرٹیجی پر بھی عملی پیشرفت متوقع ہے ۔ دستاویزات کے مطابق اسلام آباد میں عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ کلیدی پالیسی میٹنگز ہوں گی، جہاں معاشی سمت، اصلاحات اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع زیر بحث آئیں گے ۔ اس کے علاوہ توانائی، انفراسٹرکچر اور نجی شعبے کے فروغ سے متعلق اہم فیصلوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاور سیکٹر اصلاحات، خصوصاً سمارٹ میٹرنگ اور توانائی کے شعبے میں بہتری کیلئے عملی اقدامات پر بھی گفتگو ہوگی۔

ذرائع کے مطابق دورے کے دوران لاہور میں ایگریکلچر اینڈ فوڈ انویسٹمنٹ فورم منعقد ہوگا، جس میں عالمی سرمایہ کاروں، مالیاتی اداروں اور نجی کمپنیوں کی شرکت متوقع ہے ۔ فورم میں زرعی اصلاحات، ویلیو ایڈیشن، فوڈ سکیورٹی اور برآمدات کے فروغ کیلئے مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔ اے ڈی بی کی جانب سے خطے میں 40 ارب ڈالر تک سرمایہ کاری متحرک کرنے کے وژن کے تحت پاکستان کو بھی نمایاں حصہ ملنے کی توقع ہے ۔ واضح رہے کہ یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان معاشی استحکام کی جانب بڑھنے کی کوشش کر رہا ہے اور عالمی مالیاتی اداروں کا بڑھتا ہوا اعتماد ایک مثبت اشارہ سمجھا جا رہا ہے ۔ اس دورے کے ذریعے نہ صرف سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھل سکتے ہیں بلکہ توانائی، زراعت اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں طویل المدتی اصلاحات کی بنیاد بھی رکھی جا سکتی ہے ، تاہم اصل چیلنج ان فیصلوں پر عملدرآمد اور ان کے ثمرات کو عوام تک منتقل کرنا ہوگا، جو حکومت کی پالیسی صلاحیت کا حقیقی امتحان ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں