حوصلے بلند،دادا،چچا اور والد کے قتل کا انصاف لینے کیلئے فیصلہ چیلنج کرونگی مجھے روتا دیکھنا ان سرداروں کی حسرت ہی رہے گی:ام رباب

حوصلے بلند،دادا،چچا اور والد کے  قتل کا انصاف لینے کیلئے فیصلہ  چیلنج کرونگی مجھے روتا دیکھنا ان سرداروں کی حسرت ہی رہے گی:ام رباب

دادو،کراچی (خبر ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) عدالت کے باہر فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے مدعی ام رباب چانڈیو نے کہا کہ ان کے حوصلے بلند ہیں، دنیا حیران ہے سندھ میں سردار اور وڈیروں کو قتل کرنے کا لائسنس دیا گیا ہے، میرے حوصلے بلند ہیں۔

فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہاکہ یہ فیصلہ ریاست کی عدالت کی جانب سے آیا ہے ، تاہم عوام حقیقت سے آگاہ ہو چکے ہیں اور ہم عوام کی عدالت میں یہ کیس پہلے ہی جیت چکے ہیں، میں اس جدوجہد میں سرخرو ہو چکی ہوں، انصاف کے حصول کے لیے میرا عزم برقرار ہے ، کسی ایک ملزم کو سزا نہ ہونا عجیب ہے ، وہ ملزم جو 3 برس تک روپوش رہے ان کو بھی سزا نہیں ہوئی، یہ کیس میرے گھر تک محدود نہیں تھا، یہ کیس جاگیرداری نظام کے خلاف مظلوم عوام کی جدوجہد پر مشتمل تھا، آج ہمارے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا سرداروں کی خواہش ہے وہ مجھے ڈرا ہوا اور روتا ہوا دیکھیں، تاہم یہ حسرت کبھی پوری نہیں ہو گی، میرے حوصلے پہلے کی طرح آج بھی بلند ہیں اور ہم کسی دباؤ میں نہیں آئیں گے ، انصاف میرا حق ہے اور میں اسے حاصل کر کے رہوں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں