نیا بجلی کنکشن 4گنا مہنگا،6400کی بجائے21ہزار300روپے فیس مقرر

نیا بجلی کنکشن 4گنا  مہنگا،6400کی  بجائے21ہزار300روپے  فیس  مقرر

نئے میٹر اور کیبل کے اخراجات کیلئے 17 ہزار 700 خرچہ ،3 ہزار 660 روپے سکیورٹی چارجز اداکرنا ہوں گے صارفین کو جامع پیکیج دیا، مارکیٹ میں سمارٹ میٹر 20ہزار سے مہنگا ،ہم 11ہزار 665کادے رہے :لیسکو چیف

لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے )لیسکو نے نئے بجلی میٹر کے کنکشن کی فیس چار گنا بڑھا دی ،صارفین کو میٹرلگوانے کیلئے 6400 کی بجائے 21 ہزار 300روپے جمع کرانا ہونگے ،نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق لیسکو نے سنگل فیز میٹرز کی فیس  میں اضافہ کردیا، سنگل فیز میٹر اور کیبل کیلئے صارف کو 17 ہزار700 روپے ادا کرنا ہونگے ،سکیورٹی چارجز 3660 روپے اسکے علاوہ دینا ہونگے نئے میٹر سے قبل صارف کو 4 ہزار میٹر کی فیس اور 2400 سکیورٹی ادا کرنا ہوتی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹر کی قیمت بڑھا کر میٹر ساز کمپنیوں کو نوازا گیا ٹھیکیدار فیس اور دیگر چارجز الگ ہونگے ،نئے میٹر کی قیمت میں کئی گنا اضافہ کرکے نئی قیمت کا اطلاق کر دیا گیا ۔لیسکو چیف ایگزیکٹو رمضان بٹ کا کہنا ہے کہ لیسکو نے اے ایم آئی سمارٹ میٹرز کو فروغ کا فیصلہ کیا ہے جو جدید ٹیکنالوجی کی جانب اہم پیشرفت ہے ۔ سنگل فیز اے ایم آئی سمارٹ میٹر کی قیمت 11ہزار 665روپے مقرر کی گئی ہے ،نجی مارکیٹ میں 20 ہزار سے زائد قیمت کے مقابلے میں لیسکو نے بڑا ریلیف دیا ، شفاف ٹینڈرنگ کے ذریعے اے ایم آئی سمارٹ میٹرز کی لاگت میں نمایاں کمی ممکن بنائی گئی۔میٹر کے ساتھ 10 میٹر تک سروس کیبل شامل ہے ، صارفین کو جامع پیکیج دیا ہے ،سمارٹ میٹر اور سروس کیبل سمیت مجموعی لاگت تقریباً 17700 روپے ہوگی ،10 میٹر سے زائد کیبل پر اضافی چارجز اصل لاگت کے مطابق لئے جائینگے ۔اے ایم آئی سمارٹ میٹرز سے شفاف بلنگ اور لائن لاسز میں کمی اور جدید نظام سے صارفین کو بہتر سہولیات فراہمی یقینی ہو گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں