گنگارام ہسپتال ،بلڈ بینک کا نظام سکیورٹی گارڈ کے ’’حوالے ‘‘
سٹاف کی کمی کے باعث مریضوں کو بلڈ بیگ لگا کرخون نکالتا اور نمونے لیتارہا ویڈیو زوائرل،فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی رپورٹ پرسپروائزراورسکیورٹی گارڈ فارغ لیب ٹیکنیشنزکی بھرتی اور غیر حاضر عملے کیخلاف سخت کارروائی کرنے کی سفارش
لاہور (بلال چودھری )لاہور کے سرکاری گنگا رام ہسپتال کے گائنی ایمرجنسی کے بلڈ بینک میں انتظامی غفلت پر سکیورٹی گارڈ مریضوں کا خون نکالنے لگا ،واقعہ کی ویڈیوز منظرِ عام پر آنے کے بعد ہسپتال انتظامیہ اور محکمہ صحت میں کھلبلی مچ گئی۔ذرائع کے مطابق بلڈ بینک میں ڈاکٹرز، نرسز اور ٹیکنیکل سٹاف کی عدم موجودگی پر باوردی سکیورٹی گارڈ مریضوں سے خون کے نمونے لیتا جبکہ بعض مواقع پر مریضوں کو بلڈ بیگ لگانے جیسے حساس طبی امور بھی انجام دیتا رہا، ویڈیوز میں گارڈ کو بازو پر وائر باندھ کر خون نکالتے دیکھا جا سکتا ہے ۔عینی شاہدین کے مطابق خون نکالنے کے بعد مریضوں کیلئے بینڈیج تک دستیاب نہ تھی جبکہ بلڈ بیگز کی شدید قلت پرحاملہ خواتین کو سی سیکشن کیلئے گھنٹوں خون کا انتظار کرنا پڑا، عملے کی کمی پر متعدد آپریشنز بھی متاثر ہوئے ۔شہریوں نے شدید احتجاج کرتے وزیر اعلیٰ مریم نواز سے فوری نوٹس لینے اور ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ ایم ایس ڈاکٹر عارف افتخار نے فوری فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دے دی جس نے ابتدائی رپورٹ میں انتظامی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی ۔ رپورٹ کے مطابق شام اور رات کی شفٹ میں بلڈ ٹرانسفیوژن آفیسر تعینات نہیں تھا نرسنگ سٹاف کی بھی شدید کمی ہے ۔کمیٹی نے سفارش کی کہ تینوں شفٹس میں مکمل طبی عملہ تعینات کیا جائے ، مزید لیب ٹیکنیشنز کی بھرتی کی جائے اور غیر حاضر عملے کیخلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ہسپتال انتظامیہ نے فوری ایکشن لیکر نائٹ شفٹ سپروائزر غلام رسول اور سکیورٹی گارڈ شان عارف کو ملازمت سے فارغ کر دیا جبکہ چیف سکیورٹی آفیسر کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا ۔