ایندھن کے مناسب ذخائر موجود،مشکل وقت میں عوام کو کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑینگے:شہباز شریف

ایندھن کے مناسب ذخائر موجود،مشکل وقت میں عوام کو کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑینگے:شہباز شریف

مسافر بسوں کو 1 لاکھ ،منی بس و ویگنوں کو 40 ،ٹرکوں کو 70 ، بڑی مال بردار گاڑیوں کو 80 ،ڈیلیوری وینوں کو 35 ہزار ماہانہ سبسڈی دی جارہی ،رقوم کی فراہمی کا آغاز کردیا تین ہفتوں میں 129 ارب کا ریلیف دیا ، سبسڈی پیکیج کیلئے بلوچستان نے رقم جمع کرا دی دیگر صوبے جلد رقوم جمع کرائیں ، سبسڈی کے نفاذ پروزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس

 اسلام آباد (نامہ نگار، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملکی ضروریات پوری کرنے کیلئے ایندھن کے مناسب ذخائر موجود ہیں،حکومت عوامی ریلیف کے اقدامات کر رہی ہے ،مشکل کی اس گھڑی میں کسی صورت عوام کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتے ۔وزیرِاعظم کی زیر صدارت خطے میں حالیہ کشیدگی کے دوران پٹرولیم مصنوعات پر حکومت کی جانب سے سبسڈی کے نفاذ پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس کو سبسڈی فراہمی پر پیشرفت کے ساتھ ملک میں ایندھن کے ذخائر اور کھپت پر بھی بریفنگ دی گئی۔ انٹیلی جنس بیورو نے حکومتی کفایت شعاری اور سادگی اقدامات کے نفاذ پر رپورٹ پیش کی ۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا مسافر بسوں کو1لاکھ روپے ، منی بس و ویگنوں کو 40 ہزار روپے ،مال بردار گاڑیوں کو 80 ہزار اور ڈیلیوری وینوں کو 35 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی دی جا رہی ہے ۔ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ روکنے کے لئے ٹرکوں کو 70 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی دی جا رہی ہے ، نظام میں شفافیت کیلئے یہ رقوم ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے فراہم کی جارہی ہیں۔

سبسڈی رقوم کی فراہمی کا آغاز ہو چکا ، سبسڈی مہیا کرنے کے لئے تمام صوبائی حکومتوں کی جانب سے ٹرک، بسیں اور مال بردار گاڑیوں کی تفصیلات وفاقی حکومت کو فراہم کی گئی ہیں ۔بلوچستان حکومت نے قومی پیکیج کے لئے طے شدہ رقم بھی جمع کرادی جس پر و زیراعظم نے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ امید ہے باقی صوبے بھی اس پیکیج کے لئے جلد از جلد طے شدہ رقوم جمع کرا دیں گے ۔وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ تین ہفتوں میں 129 ارب روپے کا ریلیف پیکیج دیا ، پٹر ول لیوی میں فی الفور 80 روپے فی لٹر کی کمی کرکے عوام کو ریلیف دیا گیا جبکہ پاکستان ریلوے 6 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کر رہی ہے ، مسافر ٹرینوں اور مال گاڑیوں کے کرایوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جا رہا، ٹال ٹیکس میں سہ ماہی 25 فیصد اضافہ بھی واپس لے لیا ، مشکل وقت میں جس قدر ممکن ہے ،عوامی ریلیف کے اقدامات کر رہے ہیں، اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا ڈاکٹر مصدق ملک، عطا اﷲ تارڑ، علی پرویز ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، احسن اقبال، شزہ فاطمہ خواجہ، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، معاونین خصوصی طلحہ برکی، طارق باجوہ، ڈی جی آئی بی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں