جے یو آئی کا تیل کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف جمعہ کو مظاہروں کا اعلان
عام آدمی کا سکون چھین لیا گیا، ن لیگ کی حکومت جعلی اور پیپلز پارٹی کے سہارے کھڑی :فضل الرحمن ہمارے حکمران امریکا کے غلام، جنگ کی وجہ سے پورا خلیج امتحان سے گزر رہا ہے :پشاور میں پریس کانفرنس
پشاور ،اسلام آباد(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کیخلاف جمعہ کو ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کرنے کا اعلان کر دیا۔اس حوالے سے جے یو آئی (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے گزشتہ روز پشاور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے ہر فرد کو ہلا کر رکھ دیا ،عام آدمی کا سکون ان سے چھین لیا گیا، جمعہ کو پورے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کیخلاف مظاہرے کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ کی حکومت جعلی اور پیپلز پارٹی کے سہارے کھڑی ہے، ہمیں حق حاصل ہے ایسی حکومت کے خلاف علم بغاوت اٹھائیں، ہمارے حکمران امریکا کے غلام ہیں، امریکا اس وقت اسرائیل کی پشت پر کھڑا ہے، جنگ کی وجہ سے پورا خلیج امتحان سے گزر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اسرائیل کے ناپاک عزائم کو سمجھنا ہوگا، 12 اپریل کو مردان سے کلمہ حق بلند کریں گے ، ہم نے نیک نیتی سے پارلیمنٹ کے ان کیمرہ اجلاس کی تجویز دی تھی۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ عالمی صورتحال سے پاکستان متاثر ہو رہا ہے ، ان کیمرہ اجلاس میں عوام کے نمائندوں کو صورتحال بارے بتایا جائے ، پہلی مرتبہ یورپ نے جنگ سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے ،امریکی عوام نے ٹرمپ کے خلاف علم بغاوت بلند کر دیا ، ڈونلڈ ٹرمپ اس وقت پوری دنیا میں تنہا ہے ، ہمارے حکمران غلامانہ ذہن کے ساتھ حکومت کر رہے اورآج بھی ڈونلڈ ٹرمپ کی خوشامد کر رہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ مہنگائی کے پہاڑ عوام پر گرائے جا رہے ہیں، امن وامان کی صورتحال ابتر ہو چکی ، صوبائی حکومت کی ڈانواں ڈول پالیسی ہے ، تاحال سود کے خاتمے کے لیے اقدامات نظر نہیں آ رہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ گھریلو تشدد، ٹرانس جینڈر، 18 سال سے کم عمر شادی پر پابندی سمیت دیگرخلاف شریعت قوانین ختم کئے جائیں،بیوی کو خاوند کی جائیداد میں 50 فیصد حصہ دینے سے متعلق قوانین کی تیاریاں کی جارہی ہیں، انگریز کے جانے کے بعد بھی ان کے قوانین کو مسلط کیا جا رہا ہے۔