سگریٹ چوری واقعہ،ایف بی آر افسران سے تحقیقات کی ہدایت

سگریٹ چوری واقعہ،ایف بی آر افسران سے تحقیقات کی ہدایت

ایف آ ئی اے جائزہ لے تیل قیمتوں میں اضافے کا کس کو فائدہ ؟چیئرمین داخلہ کمیٹی ٹیکس مستثنیٰ علاقوں میں خام مال کی درآمد، ایرانی تیل کی نگرانی کی ہدایت

اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے،خصوصی رپورٹر ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ و انسدادِ منشیات کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی زیرِ صدارت ہوا جس میں سوات اور مردان میں ایف بی آر کے گوداموں سے 2828کارٹن سگریٹ چوری ہونے کے واقعے کی مزید تحقیقات اور ذمہ داران کے تعین کا جائزہ لیا گیا۔ ایف آئی اے نے بتایا متعلقہ 20 افسران اور اہلکاروں کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں، چوری ہونے والے کارٹنوں میں سے 1262 کارٹن کسان ٹوبیکو برانڈ کے ہیں ، باقی کی ملکیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔

کنوینر سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ واقعے کے وقت تعینات آر ٹی او، چیف کمشنر اور ممبر (ٹوبیکو) کے بیانات بھی ریکارڈ کیے جائیں اور تمام متعلقہ ایف بی آر افسران اور اہلکاروں کو بھی تحقیقات میں شامل کیا جائے اور متعلقہ افسران کے اثاثوں کی جانچ پڑتال کی جا ئے ۔ ذیلی کمیٹی نے ایف آئی اے کو حالیہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا بھی جائزہ لینے کی ہدایت کی تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ موجودہ ذخائر پر زیادہ قیمتوں سے کس کو فائدہ پہنچا۔ اجلاس میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے استعمال، فاٹا اور پاٹا کے ٹیکس سے مستثنیٰ علاقوں میں خام مال کی درآمد اور بلوچستان میں ایرانی تیل کی سمگلنگ کے خاتمہ کیلئے ایف بی آر کو نگرانی سخت کرنے کی ہدایت کی گئی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں