عمران خان کی امن پالیسی پر اب عملدرآمد ہوا : سہیل آفریدی

عمران خان کی امن پالیسی پر اب عملدرآمد ہوا : سہیل آفریدی

ملک عمران نہیں سب کا ،پی ٹی آئی کیلئے سپیس ہونی چاہیے :وزیراعلیٰ پختونخوا عمران خان کا فیصلہ نہ ماننے والاکہیں اور چلا جائے ،کابینہ میں توسیع کرینگے

پشاور (این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی 2002 کی پالیسی پر اب عمل درآمد ہوا، دنیا نے اس پالیسی کو سراہا ، موجودہ صورتحال میں پاکستان کاکردار خوش آئند ہے ، پاکستان کی دنیا بھرمیں واہ واہ ہو رہی ،ملک بانی پی ٹی آئی اور تحریک انصاف کا نہیں سب کا ہے ،پی ٹی آئی کیلئے سیاسی سپیس ہونی چاہیے ، کوئی بانی پی ٹی آئی کا فیصلہ نہیں مانتا تو کہیں اور چلا جائے ، صوبائی کابینہ میں جلد توسیع کی جائے گی، پاکستان کو کسی بھی پرائی جنگ کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی 2002 سے کہہ رہے تھے پاکستان ہمیشہ امن کے لیے کرداراداکرے، ہم افغانستان مذاکرات کے لیے جائیں گے تو کچھ مثبت ہوگا،ہمارا مؤقف تھا پاکستان کو نقصان پہنچانے والوں کو نکالا جائے ، قومی پالیسی کے تحت افغان مہاجرین کو عزت اور وقار کے ساتھ واپس بھیجیں گے ، پہلے دن سے کہا تھا تنقید برائے اصلاح کریں، ہمارے خلاف مسلسل غلط پروپیگنڈا کیا جارہا ہے ۔سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کا مسئلہ ہے ، بانی پی ٹی آئی کا علاج الشفا ہسپتال میں نہیں ہو رہا، کیا ہوگا اگر بانی پی ٹی آئی کا علاج ان کی فیملی کی موجودگی میں ہو ۔انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کا میرے لیے بھی ایک پیغام آیا ہے ، کابینہ میں توسیع کے بغیربھی تمام محکموں میں بہترین کام جاری ہے ، ملاکنڈ ڈویژن میں سول بالا دستی قائم کریں گے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر پاکستان تحریک انصاف کو مسلسل دیوار سے لگایا گیا تو ایسی صورتحال میں پارٹی اپنے آئینی و قانونی حقوق کے تحت بھرپور احتجاج کرے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں