عالمی پذیرائی کے ثمرات سمیٹنے کیلئے سیاسی استحکام ضروری:حافظ نعیم

عالمی پذیرائی کے ثمرات سمیٹنے کیلئے سیاسی استحکام ضروری:حافظ نعیم

پاکستان کے خطہ میں کردار کے بعد افغانستان کیساتھ امن اہمیت مزید اجاگر ہوگئی حکومت بجلی ، پٹرول کی قیمتوں میں کمی ،لیوی فوری ختم کرے :امیر جماعت اسلامی

لاہور(سیاسی نمائندہ)امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ایران، امریکا،اسرائیل عارضی جنگ بندی معاہدہ کے بعد پاکستان کی دنیا بھر میں تحسین ہورہی ہے تاہم عالمی پذیرائی کے ثمرات کو موثر طریقے سے سمیٹنے کیلئے ضروری ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام ہو، پاکستان کے خطہ میں کردار کے بعد افغانستان کے ساتھ امن کے قیام کی اہمیت مزید اجاگر ہوگئی ، حکومت اور ادارے اس معاملہ پر بھی غور کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نائب امیر لیاقت بلوچ کی سربراہی میں قائم جماعت اسلامی کی سیاسی کمیٹی کے منصورہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

امیر جماعت اسلامی نے پنجاب میں موثر اور بااختیار بلدیاتی نظام کے لیے احتجاجی تحریک کو ازسرِ نو منظم کرنے ،25 اپریل تا 10 مئی تک ممبرسازی مہم شروع کرنے کی ہدایات جاری کیں۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ، حکومت فی الفور بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں کمی ،لیوی کو ختم کرے ، آئی پی پیز معاہدے ختم کیے جائیں۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی اشتہارات کی حد تک ہے ، حکومت گندم کی خریداری کسانوں کے مطالبات کے مطابق یقینی بنائے ، سندھ میں وڈیرہ شاہی ، ظالمانہ نظام اور کراچی پر قابض میئر سے جان چھڑانا ہوگی ،پختونخوا میں وفاقی و صوبائی حکومتیں سٹیک ہولڈرز سے مل کر امن کو یقینی بنائیں ۔امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ عالمی برادری دو ہفتوں کے سیز فائر معاہدہ پر عملدرآمد کو یقینی بنائے اور اسرائیل کو لبنان پر بمباری سے روکا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں