پاکستان کو تاریخی مقام ملنے جارہا ہے :احسن اقبال
جنگ کی لپیٹ میں 193ممالک کی معیشتیں آ چکی تھیں :وفاقی وزیر اسرائیل امریکا کے بغیر کچھ نہیں:پروگرام ’’دنیا مہر بخاری کیساتھ ‘‘،گفتگو
لاہور(دنیا نیوز)وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پوری قوم کو مبارکباد دوں گا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے پاکستان کو جو تاریخی مقام ملنے جارہا ہے یہ ملکی 78سالہ تاریخ کا اہم ترین موقع ہے ۔ دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘دنیا مہر بخاری کے ساتھ’’میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے مزید کہا کہ دنیا ایک ایسی جنگ کے دہانے پر پہنچ چکی تھی جس کی لپیٹ میں 193ممالک کی معیشتیں آچکی تھیں، خدا نخواستہ جنگ کے شعلے بھڑکتے اور تیل کی قیمت 200 ڈالر بیرل سے اوپر چلی جاتی تو مہنگائی، بے روزگاری کی صورت میں اثرات دنیا بھر میں ہونے تھے۔
یہ بہت بڑی کامیابی ہے جو پاکستان کے حصے میں آئی ، مذاکرات کیلئے امریکا ،ایران سے وفود آرہے ہیں،امید ہے مذاکرات سے جنگ کے شعلے ٹھنڈے ہونگے اورایک دیرپا حل نکلے گا، پاکستان کی قیادت، خصوصاً شہباز شریف اورفیلڈ مارشل عاصم منیر کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں خطے میں جنگ بندی ممکن ہوئی، جس سے ایک بڑے بحران کو ٹالنے میں مدد ملی ،دعا ہے کہ مذاکرات کے دور میں کوئی ایک دیرپا حل نکل آئے ، ان مذاکرات کے نتیجہ میں سیزفائر میں توسیع ہوتی ہے ۔
مذاکرات کا ایک دور ہوتا ہے ،وہ بھی میرے نزدیک بڑی کامیابی ہو گی،اہم بات یہ ہے کہ اس وقت اسلام آبا د میں ہونے والے مذاکرات کی طرف پوری دنیا کی نگاہیں لگی ہیں ۔انہوں نے کہا ہے کہ آخری وقت میں اسرائیل نے جس طرح لبنان پر حملہ کیااس کا مقصد یہی تھا کہ بات چیت کے پورے عمل کو ڈی ریل کیا جائے ،پھر پاکستان نے مداخلت کی ورنہ ایران اسرائیل کو شدید ردعمل دینے والا تھا ،یہ اللہ کا خاص کرم ہے کہ اسلام آباد کوسٹی آف پیس، پیس میکر کے طور پر دیکھا جارہا ہے ۔احسن اقبال نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے حوالے سے کہا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ اسرائیل امریکا کے بغیر کچھ نہیں ،جب امریکا کی حکومت اور قیادت کسی معاہدے پر دستخط کرے گی تو اسرائیل کواسے ہر قیمت پر قبول کرنا پڑے گا ،اسرائیل کی گارنٹی صرف امریکا ہی دے سکتا ہے ،اسرائیل نے خطے کیلئے جو سازش کی تھی اس سے ہم بچ گئے ۔