سندھ ہائی کورٹ:6لاپتا افراد کا سراغ لگنے پر درخواستیں نمٹا دیں

سندھ ہائی کورٹ:6لاپتا افراد کا سراغ لگنے پر درخواستیں نمٹا دیں

کراچی (سٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے دوران پولیس رپورٹ کی روشنی میں متعدد افراد کے سراغ لگنے پر درخواستیں نمٹا دیں۔

سماعت کے دوران پولیس نے عدالت میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ مجموعی طور پر 6 لاپتا افراد کا سراغ لگا لیا گیا ہے۔ جمشید ٹاؤن تھانے کی حدود سے لاپتا محمد آصف اور سمیع اللہ بحفاظت اپنے گھروں کو واپس پہنچ چکے ہیں، جبکہ رضویہ سوسائٹی سے لاپتا مجید بھی گھر واپس آچکے ہیں۔ پولیس رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے سے لاپتا جہانزیب بھی بازیاب ہو کر گھر پہنچ چکے ہیں۔ اسی طرح گلشن اقبال سے لاپتا ریما کا بھی سراغ لگا لیا گیا ہے ، جنہوں نے کورٹ میرج کرلی ہے اور وہ اپنی مرضی سے گھر سے گئی تھیں۔ رپورٹ کے مطابق کورنگی انڈسٹریل ایریا سے لاپتا مسرت کا بھی پتہ چل گیا ہے اور وہ اس وقت ایدھی ہوم میں موجود ہیں۔ عدالت نے پولیس کی پیش کردہ رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستیں نمٹا دیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں